افغانستان:شمالی شہرمزارشریف میں چارعورتیں مردہ پائی گئیں؛ طالبان کی تصدیق
افغان وزارت داخلہ کے ترجمان قاری سعید خوستی نے ایک ویڈیو بیان میں بتایا کہ شہر کے پانچویں پولیس ضلع میں ایک گھر سے ان چاروں کی لاشیں ملی ہیں
افغانستان کے شمالی شہر مزارشریف میں ایک مکان میں ہفتے کے روزچارعورتیں مردہ پائی گئی ہیں۔
افغان وزارت داخلہ کے ترجمان قاری سعید خوستی نے ایک ویڈیو بیان میں بتایا کہ شہر کے پانچویں پولیس ضلع میں ایک گھر سے ان چاروں کی لاشیں ملی ہیں اوراس کے بعد دو مشتبہ افراد کو گرفتارکرلیا گیا ہے۔
ان گرفتارافراد نے ابتدائی تفتیش میں اعتراف کیا ہے کہ ’’ان عورتوں کوان کی وساطت سے گھر میں مدعو کیا گیا تھا۔‘‘ ترجمان نے کہا کہ ان کی پُراسرار موت کی مزید تحقیقات جاری ہے اور کیس عدالت کو بھیج دیا گیا ہے۔
سعید خوستی نے مقتولہ عورتوں کی شناخت نہیں بتائی۔تاہم مزارشریف کے ایک ذریعے نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ ان میں ایک مقتولہ کارکن خواتین کے حقوق کی علمبردارتھی اوراس کا خاندان میڈیا سے بات نہیں کرنا چاہتا ہے۔
بی بی سی فارسی نے ایک رپورٹ میں سول سوسائٹی کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایاہےکہ ’’یہ چاروں خواتین آپس میں دوست اور ساتھی تھیں۔انھیں توقع تھی کہ وہ مزار شریف کے ہوائی اڈے کے ذریعے بیرون ملک روانہ ہوجائیں گی۔‘‘
انسانی حقوق کے ایک گروپ کے ذریعے نے نام ظاہرنہ کرنے کی شرط پربتایا کہ ان خواتین کو ایک فون کال موصول ہوئی تھی ۔اس کے بارے میں ان کا خیال تھا کہ یہ انخلاکی پرواز میں سوارہونے کی دعوت تھی۔انھیں ایک کارلینے کے لیے آئی تھی مگر بعد میں وہ مردہ حالت میں پائی گئی ہیں۔