اسلام آباد : اپوزیشن جماعتوں نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں حکومتی بلوں کومسترد کرنے کی حکمت عملی طے کرلی اور تمام اپوزیشن اراکین کوایوان میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اپوزیشن کی تمام جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوگئیں ، متحدہ اپوزیشن نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے متعلق مشاورت مکمل کرلی اور نیب ترمیمی بل سمیت تمام حکومتی بلوں کومسترد کرنے کی حکمت عملی بھی طے کرلی ہے۔
مشترکہ اجلاس میں تمام اپوزیشن جماعتوں نے بھرپور حاضری کیساتھ شرکت کا فیصلہ کرتے ہوئے ممکنہ حکومتی قانون سازی کو عددی اکثریت سے مسترد کرانے پر اتفاق کیا جبکہ تمام پارٹیزنےاپنےاراکین کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔
گذشتہ روز اپوزیشن کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا ، جس میں حکومت کو قانون سازی کے معاملے پر ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کیا اور مشترکہ اجلاس سےمتعلق حکمت عملی پرغور کیا گیا۔
اپوزیشن رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اپوزیشن حکومت کو این آر او نہیں لینے دے گی، حکومتی عزائم کا ڈٹ کر مقابلہ کیاجائے گا، پارلیمنٹ کو بلڈوز کرنے کی سازش ناکام بنائیں گے اور پارلیمنٹ کے اندر رہ کر کردارادا کریں گے۔
یاد رہے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 11 نومبرکو صبح 11بجے طلب کیا گیا ہے ، مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے مشترکہ اجلاس میں ممکنہ قانون سازی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ مشترکہ اجلاس میں تاریخی قانون سازی کیلئے جارہے ہیں۔
باہر اعوان کا کہنا تھا کہ انتخابی اصلاحات، لاریفارمز، الیکٹرانک ووٹنگ ، ادارہ جاتی اصلاحات، کلبوشن کیس سے متعلق قانون سازی ہوگی۔