ٹی 20 ورلڈکپ میں سفر ختم، قومی ٹیم آج بنگلہ دیش روانہ ہو گی
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں سفر ختم ہونے کے بعد قومی ٹیم آج رات دبئی سے بنگلہ دیش روانہ ہو جائے گی جہاں ٹیسٹ اور ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائیں گی۔
دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں سفر ختم ہونے کے بعد قومی ٹیم آج رات دبئی سے بنگلہ دیش روانہ ہو جائے گی جہاں ٹیسٹ اور ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان قومی کرکٹ ٹیم کا ٹی 20سکواڈ آج رات دبئی سے ہی بنگلہ دیش کے داارلحکومت ڈھاکا روانہ ہوجائے گا جبکہ محمد حفیظ کی جگہ سکواڈ میں شامل ہونے والے افتخار احمد لاہور سے دبئی پہنچ گئے ہیں جو آج رات ٹیم کے ساتھ ڈھاکہ روانہ ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم اور مینجمنٹ چارٹر فلائٹ پر بنگلہ دیش پہنچے گی تاہم محمد حفیظ اور بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن سکواڈ میں شامل نہیں ہیں جبکہ کپتان بابر اعظم اور سینئر آل راؤنڈر شعیب ملک 16 نومبر کو بنگلہ دیش میں ٹیم جوائن کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم بنگلہ دیش میں 3 ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی جس کا آغاز 19 نومبر سے ہو گا جبکہ 20 نومبر کو دوسرا اور 22 نومبر کو تیسرا ٹی 20 کھیلا جائے گا۔ بعد ازاں 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز بھی کھیلی جائے گی جس کیلئے قومی ٹیسٹ سکواڈ 22 نومبر کو لاہور سے بنگلہ دیش جائے گا۔