پاکستان پریس ریلیزاہم خبریں

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا جنوبی پنجاب کے اضلاع کو زیادہ ای بسیں فراہم کرنے کا حکم

دیہی علاقوں کو بھی بڑے شہروں کے برابر لایا جائے گا۔ اس سلسلے میں پہلے مرحلے میں 24 اضلاع کو 240 الیکٹریک بسیں دی جائیں گی

(سید عاطف ندیم-پاکستان ):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ ٹرانسپورٹ کے جاری اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں الیکٹریک بس منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ جنوبی پنجاب اور دُور دراز کے اضلاع کو ترجیحی بنیادوں پر الیکٹریک بسیں فراہم کی جائیں تاکہ ترقی کے ثمرات صرف بڑے شہروں تک محدود نہ رہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہر نئی سہولت صرف شہری مراکز تک محدود کرنے کے کلچر کو تبدیل کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ دیہی علاقوں کو بھی بڑے شہروں کے برابر لایا جائے گا۔ اس سلسلے میں پہلے مرحلے میں 24 اضلاع کو 240 الیکٹریک بسیں دی جائیں گی۔ اگست سے اکتوبر کے درمیان لاہور، فیصل آباد، بہاولپور، ملتان اور راولپنڈی کو 500 الیکٹریک بسیں فراہم کی جائیں گی، جبکہ نومبر سے دسمبر تک پنجاب بھر میں مزید 600 الیکٹریک بسیں شامل کی جائیں گی۔
پنجاب کلین ایئر پروگرام کے تحت لاہور، شیخوپورہ، ننکانہ اور قصور کو بھی 400 الیکٹریک بسیں فراہم کی جائیں گی تاکہ ماحولیاتی بہتری کے ساتھ ساتھ عوامی نقل و حرکت میں آسانی پیدا کی جا سکے۔
اجلاس میں گوجرانوالہ بی آر ٹی منصوبے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہ منصوبہ راہوالی سے ایمن آباد تک تقریباً 22 کلومیٹر طویل ہوگا، جس پر 28 اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے۔ پورے شہر اور مضافاتی علاقوں کو اس سسٹم سے منسلک کرنے کے لیے 80 فیڈر بسیں چلائی جائیں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ گکھڑ منڈی تک توسیع کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے بی آر ٹی روٹ پر ٹریفک کو بہتر انداز میں کنٹرول کرنے کے لیے سمارٹ سلوشنز اپنانے کی ہدایت بھی جاری کی، اور بتایا کہ اس منصوبے کے لیے 4 الیکٹریک بس ڈپو بھی قائم کیے جائیں گے۔
فیصل آباد میں اورنج لائن اور ریڈ لائن ٹرانسپورٹ سسٹم پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ ریڈ لائن 23.4 کلومیٹر طویل ہوگی اور اس پر 24 اسٹیشنز ہوں گے، جس سے روزانہ 1 لاکھ 85 ہزار سے زائد مسافر مستفید ہوں گے۔ اورنج لائن 29 کلومیٹر طویل ہوگی جس پر 21 اسٹیشنز تعمیر کیے جائیں گے، اور یہ یومیہ 1 لاکھ 11 ہزار سے زائد مسافروں کو سفری سہولت فراہم کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے فیڈمک سے سلامی چوک تک روٹ کو بھی اس منصوبے کا حصہ بنانے کی ہدایت دی
مریم نواز شریف نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو ہدایت کی کہ تمام عوامی فلاحی منصوبے بلا تاخیر شروع کیے جائیں، اور ای بسوں کے روٹس عوام کی سفری ضروریات کو مدنظر رکھ کر مقرر کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع ان کے لیے برابر ہیں اور ہر علاقے کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت صرف عوام کی بہتری کے لیے سوچتی ہے اور یہی اس کے ہر فیصلے کی بنیاد ہے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button