وزیراعلیٰ سندھ کا ایم کیو ایم کارکنوں پر تشدد کے واقعے کی انکوائری کا حکم
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایم کیوایم کارکنوں پر تشدد کے واقعے کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے 3 دن میں رپورٹ طلب کر لی۔
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایم کیوایم کارکنوں پر تشدد کے واقعے کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے 3 دن میں رپورٹ طلب کر لی۔
کراچی کے ایڈمنسٹریٹر مرتضیٰ وہاب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے ایم کیوایم کارکنوں پر تشدد کے واقعے کی انکوائری کا حکم دے دیا اور سیکریٹری داخلہ سے 3 دن میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ذمہ داری کے تعین کے لیے جامع ٹی او آرز بنائے گئے ہیں۔
اس سے قبل ایم کیو ایم ریلی پر رونما واقعہ کے حوالے سے کمشنر کراچی اور آئی جی سندھ نے وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دی ، کمشنر کراچی نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے اور سیکریٹری داخلہ کو ہدایت کی کہ اپنی سربراہی میں کمیٹی قائم کریں۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ انکوائری کمیٹی کو زیادتی کے ثبوت ملے تو ایکشن ہو گا۔
گذشتہ روز سندھ کے نئے بلدیاتی نظام کے خلاف ایم کیو ایم کے وزیراعلیٰ ہاؤس پہنچنے والی ریلی پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا جس کے نتیجے میں متحدہ کے ایم پی اے، خاتون رکن سمیت کئی افراد زخمی ہوئے جب کہ متعدد کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ بعد ازاں پولیس کے لاٹھی چارج میں زخمی ہونے والا ایک کارکن اسلم اسپتال میں دم توڑ گیا تھا ، جس پر ایم کیو ایم نے یوم سیاہ کا اعلان کیا تھا۔