پنجاب یونیورسٹی ہیلی کالج آف بینکنگ اینڈ فنانس کے زیر اہتمام کانووکیشن کا انعقاد
پنجاب یونیورسٹی ہیلی کالج آف بینکنگ اینڈ فنانس کے زیر اہتمام نجی ہوٹل میں کانووکیشن کی تقریب کا انعقاد کیا گیا
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): پنجاب یونیورسٹی ہیلی کالج آف بینکنگ اینڈ فنانس کے زیر اہتمام نجی ہوٹل میں کانووکیشن کی تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی، کالج پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر مبشر منور خان، ریکٹر یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر آصف رضا،رجسٹرا ر محمد رؤف نواز، فیکلٹی ممبران، طلباؤطالبات اور ان کے والدین نے شرکت کی۔ اس موقع پر بی بی اے اور ایم بی اے بینکنگ اینڈ فنانس، انشورنس اینڈ رسک مینجمنٹ کے مختلف سیشنز کے 240طلباؤطالبات میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں۔اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی نے ڈگری لینے والے طلباء کے والدین اور اساتذہ کی محنت کو سراہا اور مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے طلباء کونصیحت کی کہ وہ پاکستان کی عظیم یونیورسٹی کے بہترین ادارے سے فارغ التحصیل ہونے پر بھرپور صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے ملکی ترقی و معیشت کی مضبوطی کیلئے متحرک کردار ادا کریں۔ پروفیسر ڈاکٹر مبشر منور خان نے کالج کی تاریخ اور جاری سرگرمیوں پر سیر حاصل بات چیت کی۔ انہوں نے کالج کے انفراسٹرکچر میں بہتری اور ایم فل، پی ایچ ڈی پروگرامز کیلئے معاونت پر پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کالج میں اپنے ذاتی خرچ پر مسجد کی تعمیر کروانا ان کے لئے باعث افتخار ہے۔