پنجاب یونیورسٹی چائلڈ ویلفیئر سنٹر کے زیر اہتمام خصوصی بچوں کے عالمی دن پر تقریب
پنجاب یونیورسٹی چائلڈویلفیئر سنٹر کے زیر اہتمام خصوصی بچوں کے عالمی دن پر پرویز حسن انوائرنمنٹل لاء آڈیٹوریم میں تقریب کاانعقاد کیا گیا
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):پنجاب یونیورسٹی چائلڈویلفیئر سنٹر کے زیر اہتمام خصوصی بچوں کے عالمی دن پر پرویز حسن انوائرنمنٹل لاء آڈیٹوریم میں تقریب کاانعقاد کیا گیا جس میں ڈین فیکلٹی آف انفارمیشن اینڈ میڈیا سٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود، ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف سپیشل ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر حمیرا بانو، پرنسپل ڈاکٹر عائشہ وجہیہ اللہ، فیکلٹی ممبران،طلباؤ طالبات اور ان کے والدین نے شرکت کی۔ اس موقع پر خصوصی بچوں نے ٹیبلوپیش کئے اور حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ صلاحیتوں کے اعتبارسب انسان ایک دوسرے سے مختلف ہیں اور خصوصی بچوں کے ساتھ معذوری جیسے لفظ کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ منفرد صلاحیتوں کے حامل بچوں کو معاشرے نے قبولیت بخشی ہے۔ انہوں نے بہترین تقریب کے انعقاد پر منتظمین کو مبارک باد پیش کی اور بچوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اساتذہ اور والدین کے کردار کی تعریف کی۔ ڈاکٹر حمیرہ بانو نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے خصوصی بچوں کو منفرد صلاحیتوں سے نوازا ہے جن کی شناخت کرکے انہیں معاشرے کا اہم حصہ بنانا ہوگا۔ڈاکٹر عائشہ نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی چائلڈ ویلفیئر سنٹر منفرد صلاحیتوں کے حامل بچوں کی مہارتوں میں اضافہ کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا۔