پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی جانب سے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ہیلتھ سکرینگ کیمپ کا انعقاد
لاہور میں ہیلتھ سکرینگ کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس کا باقاعدہ افتتاح صوبائی وزیر برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر اختر ملک اور سینیئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کیا
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر (ورٹیکل پروگرامز ) کی جانب سے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ لاہور میں ہیلتھ سکرینگ کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس کا باقاعدہ افتتاح صوبائی وزیر برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر اختر ملک اور سینیئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر ارشاد احمد، سی سی پی او غلام محمود ڈوگر، ڈی آئی جی آپریشنز، سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اسد ملہی سمیت دیگر افسران موجود تھے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر اختر ملک کا کہنا تھا کہ اس کیمپ کی بدولت سٹی ٹریفک پولیس لاہور کے 3500 سے زائد سٹاف کی ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر، سانس کی بیماریوں، ذہنی مسائل(ڈپریشن اور انزائٹی )، ہیپاٹائٹس بی، سی، ٹی بی اور ایچ آئی وی ایڈز کی سکرینگ مکمل کی جائے گی۔
انکا مزید کہنا تھا کہ ہیلتھ سکرینگ کیمپس کی بدولت مختلف بیماریوں کی بروقت تشخیص ممکن ہوتی ہے اور اس کیمپ کا بنیادی مقصد سٹی ٹریفک پولیس لاہور کے جوانوں کی صحت کو یقینی بنانا ہے۔
سی سی پی او کا کہنا تھا کہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے تعاون سے پنجاب پولیس کے جوانوں کی ویلفیئر کیلئے اس کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ انہوں نے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کا اس کاوش کو بے حد سراہا۔