اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

جیل بھرو تحریک، ’بسم اللہ زمان پارک سے ہونی چاہیے‘

پیر کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز نے نام لیے بغیر عمران خان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بھی پتہ چلنا چاہیے کہ جیل کیا ہوتی ہے، ڈیتھ سیل کیا ہوتا ہے۔

مسلم لیگ ن کی سینیئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ جیل بھرو تحریک کا اعلان کرنے والوں کے لیے رانا ثنا اللہ آنکھیں بچھائے بیٹھے ہیں، بسم اللہ زمان پارک سے ہونی چاہیے۔
پیر کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز نے نام لیے بغیر عمران خان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بھی پتہ چلنا چاہیے کہ جیل کیا ہوتی ہے، ڈیتھ سیل کیا ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ منتظر ہیں کہ یہ لوگ کب جیلیں بھرنے کا سلسلہ شروع کرتے ہیں۔
الیکشن کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ الیکشن ضمنی ہو یا جنرل، اس کے لیے تیاری شروع کر دی ہے جو زور و شور سے جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے کے جرم میں اقامے کی بنا پر نکالا گیا اور جیلوں میں ڈالا گیا۔
مریم نواز نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’ان کو تو ابھی کسی نے ہاتھ نہیں لگایا اور پولیس والوں کے گلے لگ کر رونا شروع کر دیا ہے۔‘
انہوں نے فارن فنڈنگ کیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس میں باہر سے پیسہ آیا جسے چھپایا گیا اور اس کے حوالے سے جھوٹ بولا گیا۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا یہ سہولت نواز شریف کو حاصل تھی؟
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے دو سو سے زائد پیشیاں بھگتیں جبکہ یہ عدالت میں بھی حاضر نہیں ہوتے۔
انہوں نے عمران خان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’سوال تو بنتا ہے، جس نے جرائم کیے ہیں اس کو اجازت کیوں دی جا رہی ہے۔ ایسے تو بات نہیں بنے گی۔‘
مریم نواز نے کہا کہ ’مجھے یقین ہے کہ قانون اپنا راستہ لے گا اور جس نے جرم کیے ہیں اس کو سزا بھگتنا پڑے گی اور بھگتنا چاہیے۔‘
معیشت کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل درآمد کرنا مجبوری ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ آنے والے دنوں میں خود کو ان سے آزاد کریں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button