
لاہور02 پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چٹھہ کی ہدایت پر محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کو مطلوب سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کو بلوچستان سے گرفتار کر لیا گیا۔ کوئٹہ پولیس نے محمد خان بھٹی کو پاکستان سے فرار ہوتے ہوئے بارڈر سے گرفتار کیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب میں دج مقدمہ کے ملزم سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کو بلوچستان سے گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم کوکوئٹہ میں بلوچستان کے بارڈر
سے فرار ہوتے وقت پولیس نے گرفتار کیا۔ ڈی جی اینٹی کرپشن سہیل ظفر چٹھہ نے کہا کہ محمد خان بھٹی کو کوئٹہ پولیس سے اینٹی کرپشن ہیڈ کوارٹر لاہور لانے کے لئے چار رکنی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ محمد خان بھٹی کے خلاف محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب میں 80کروڑ روپے کی کرپشن کا مقدمہ درج ہے۔ ملزم کے خلاف تقرر وتبادلوں میں رشوت اور ترقیاتی منصوبوں میں بھاری کیک بیک وصول کرنے کا الزام ہے۔ سہیل ظفر چٹھہ نے کہا کہ محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے محمد خان بھٹی کے خلاف درج مقدمہ میں محکمہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس کے ایکسئین رانا اقبال کو پہلے ہی گرفتار کر رکھا ہے اورگرفتار ملزم رانا اقبال نے محمد خان بھٹی کے خلاف عدالت میں ا عترافی بیان بھی ریکارڈ کرواچکا ہے۔