
گیس و آئل پائپ لائن پر انکروچمنٹ کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید
ایس ایم بی آر/ ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کی زیرصدارت پارکو پائپ لائن کے روٹ پر ناجائز تجاوزات کے خاتمے بارے اجلاس ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی ، ڈائریکٹر آپریشن ، ڈپٹی سیکرٹری سٹاف سمیت پارکو افسران کی شرکت
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو / ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کی زیرصدارت پارکو پائپ لائن کے روٹ پر ناجائز تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے اجلاس بورڈ کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ ڈائریکٹر جنرل پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب فلائیٹ لیفٹیننٹ ریٹائرڈ عمران قریشی ، ڈائریکٹر آپریشن پی ڈی ایم اے نثار احمد ثانی ، ڈپٹی سیکرٹری سٹاف رومان برآنہ ، پارکو سے احسان لطیف اور عائشہ ملک سمیت دیگر افسران اجلاس میں شریک تھے۔
پارکو افسران کی جانب سے پائپ لائن کی سیکورٹی اور آپریشنل معاملات بارے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔
اس موقع پر سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو/ ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گیس و آئل پائپ لائن پر انکروچمنٹ کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے کسی بڑے سانحہ سے بچنے کے لیے گیس و آئل پائپ لائن پر سیکورٹی صورتحال پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور پائپ لائن سے آئل کی چوری کو روکنے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں کسی کے ساتھ نرمی نہ برتی جائے۔انہوں نے کہا کہ پائپ لائن کے روٹ پر ناجائز تجاوزات کے خاتمے کے لیے گرینڈ آپریشن کیا جائے گا اس بارے میں جلد ہی پائپ کے روٹ پر اضلاع کی انتظامیہ کو احکامات جاری کیے جائیں گے۔
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے کہا کہ پائپ لائن پر پٹرولنگ کے عمل کو بہتر بنانے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے اور پارکو کے کنٹرول رومز سے گیس و آئل پائپ لائن کی 24/7 مانیٹرنگ جاری ہے۔یاد رہے کہ پارکو اور پی ڈی ایم اے کا پائپ لائن کی مانیٹرنگ کا معاہدہ ہے۔