پشاور پولیس کے سربراہ نے واقعے کی انکوائری کے لیے ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر پشاور میں پولیس کی جانب سے گاڑی پر باندھی گئی ایک مبینہ عسکریت پسند کی لاش کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے۔
سنیچر کو اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد پشاور پولیس کے سربراہ نے نوٹس لیا ہے اور تھانہ متنیٰ کے سٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) کو معطل کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق ویڈیو میں نظر آنے والے پولیس اہلکار کا تعلق متنیٰ تھانے سے ہے اور مبینہ عسکریت پسند چھ جون کو پولیس، محکمہ انسداد دہشت گردی اور سکیورٹی فورسز کی مشترکہ کارروائی میں ہلاک ہوا تھا جبکہ اس مقابلے میں دو افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ’ہلاک ہونے والے مبینہ عسکریت پسند کی لاش قانونی کارروائی کے لیے متنیٰ پولیس کے حوالے کی گئی تھی اور انہوں نے خود ہی لاش کو بکتر بند گاڑی سے باندھ کر ویڈیو بنائی اور اسے اپلوڈ کر دیا۔‘
پشاور پولیس نے سپرٹینڈنٹ آف پولیس صدر سرکل کی نگرانی میں واقعے کی انکوائری کے لیے کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔