شہریوں کی بجلی سے متعلق شکایات کے ازالہ کے لئے لیسکو سینٹرل سرکل کی جانب سے کھلی کچہری کااہتمام۔
چیئرمین حافظ میاں محمد نعمان نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج لاہور میں شدید تیز بارش ہونے اور سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے کے باوجود عوام کا کچہری میں آنا ان کھلی کچہریوں پر لوگوں کے اعتماد کا اظہار ہے
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز حافظ میاں محمد نعمان نے آج لیسکو کے سینٹرل سرکل کے صارفین کی بجلی سے متعلق شکایات کے ازالے کے لئے کھلی کچہری کی صدارت کی۔ کھلی کچہری میں ڈائریکٹر کسٹمرز سروسز رائے محمد اصغر،چیف انجینئر آپریشنزویسٹ راجہ محمود، سپریٹنڈنگ انجینئرسینٹرل سرکل عبدالرشید، ڈی سی ایم وسیم اقبال، ایکسین اقبال ٹاؤن فیضان بٹ، ایکسین سمن آباد، فیاض تالپور، ایکسین رائے ونڈ علی رضا، ایکسین ٹاؤن شپ میاں نصیرسمیت سینٹرل سرکل کے تمام ریونیو آفیسرز اور ایس ڈی اوز بھی موجود تھے۔ چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز حافظ میاں محمد نعمان کی جانب سے منعقدہ اس کھلی کچہری میں صارفین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔چیئرمین حافظ میاں محمد نعمان نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج لاہور میں شدید تیز بارش ہونے اور سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے کے باوجود عوام کا کچہری میں آنا ان کھلی کچہریوں پر لوگوں کے اعتماد کا اظہار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس قدر خراب موسم کے باوجود بھی لیسکو ملازمین اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر صارفین کی بجلی بحال کررہے ہیں جس پر میں انہیں شاباش دیتا ہوں بلاشبہ لیسکو افسران و ملازمین کی کارکردگی نہایت احسن ہے۔ چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز حافظ میاں محمد نعمان نے کہا وزیراعظم کے ویژن کے مطابق صارفین کو سہولتیں دے رہے ہیں۔ نئے کنکشن اور خراب میٹرز کی تبدیلی یقینی بنائی جارہی ہے۔ سسٹم میں دو ہزار چھ سو سے زائد ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز کو تبدیل کیا گیا۔ پانچ لاکھ سے زائد میٹرز کا اجراء کیا گیاہے۔چیئرمین بی او ڈی حافظ میاں محمد نعمان نے کھلی کچہری میں صارفین کی شکایات سُنیں اور شکایات کے فی الفور ازالے کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے اور اس بات کو بھی یقینی بنایا کہ کسی سائل کا مسئلہ باقی نہ رہے۔