آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہداء کی فیملیز کے لئے تاریخی اقدامات کیے ہیں جن کی مثال نہیں ملتی، سی سی پی او
یومِ شہدائے پولیس کے موقع پرتمام شہداء کو خراج ِتحسین پیش کرتے ہیں، پولیس کے331 شہداء نے اپنی جانیں مادر وطن پرنچھاورکیں شہدا کی فیملی کی ویلفیئر کیلئے لاہور پولیس مسلسل سرگرم ِ عمل ہے، بلال صدیق کمیانہ
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہاہے کہ لاہور پولیس کے331 شہداء نے اپنی جانیں عوام کی حفاظت کرتے ہوئے قربان کی ہیں۔ ان شہداء کی خاندانوں کی ویلفیئر ہماری اہم ذمہ داری ہے۔
یہ بات سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے یوم شہدا کی مناسبت سے الحمراء ہال میں منعقدہ ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، محکمہ پولیس کے افسران وا ہلکاران اور شہدا ء کی فیملیز بھی موجود تھیں۔ سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ شہداء کی فیملیز کی ویلفیئر کیلئے لاہور پولیس مسلسل سرگرم ِ عمل ہے۔ آئی جی ڈاکٹر عثمان انور نے شہداء کی فیملیز کے لئے تاریخی اقدامات کیے ہیں جن کی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس کے شہداء اور غازی ہمارا فخر اور مان ہیں۔سی سی پی اولاہور نے کہا کہ فرض کی راہ میں جانیں قربان کرنیوالے شہداء پاکستانی قوم کی شان ہیں۔ آج کے دن ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ لاہور پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ لاہور پولیس نے شہدا ء کے ورثا کی دیکھ بھال کو ہمیشہ اولیت دی ہے اور شہداء کی یادیں ہمارے دلوں میں ہمیشہ تازہ رہیں گی۔
بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ آج کا دن شہداء کے خاندانوں کے ساتھ تجدید ِعہد کا دن ہے۔ محکمہ پولیس شہدا ء کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کرے گا۔انہوں نے کہا کہ پولیس ہیروز کی گراں قدر قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔شہداء ہمارا فخر ہیں اور ہمارا ہر جوان شوق شہادت کے جذبے سے سرشار عوام کی جان و مال اور عزت کی حفاظت کے لئے ہر لمحہ تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ان بہادر سپوتوں نے اپنے آج کو وطن ِ عزیز پر قربان کر کے ہمارے کل کو محفوظ بنایا ہے۔ سی سی پی او نے کہا کہ شہداء کی جرات اور بہادری کی داستانیں پوری فورس کیلئے مشعل راہ ہیں۔معاشرے میں قیامِ امن کے لئے پولیس کا کردارنہایت اہم ہے۔ تقریب سے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔