ادارہ بیورو شماریات نے ایک ہفتے کے دوران مہنگائی میں اضافے کے اعداد وشمار جاری کر دیے
ادارہ بیورو شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر 20 روپے، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 255 روپے، 200گرام پسی ہوئی مرچ 25 روپے اور لہسن فی کلو 20 روپے مہنگا ہوا۔
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی قاضی عرفان): گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 1 اعشاریہ 30 فیصد اضافے کے بعد مجموعی طور پر مہنگائی کی شرح 29 اعشاریہ 83 فیصد تک پہنچ گئی۔ادارہ بیورو شماریات نے ایک ہفتے کے دوران مہنگائی میں اضافے کے اعداد وشمار جاری کر دیے ہیں جس کے مطابق ایک ہفتے میں 23 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ اور 07 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 21کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ادارہ بیورو شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر 20 روپے، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 255 روپے، 200گرام پسی ہوئی مرچ 25 روپے اور لہسن فی کلو 20 روپے مہنگا ہوا۔اس کے علاوہ پیاز فی کلو 3 روپے،انڈے فی درجن 10 روپے مہنگے ہوئے، باسمتی ٹوٹا چاول میں 5 روپے، گڑ کی فی کلو قیمت میں 3 روپے اضافہ ہوا۔رپورٹ کے مطابق دال ماش، دال مسور اور آلو کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا، چھوٹا گوشت، کیلے، کھلا دودھ اور چینی بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہے۔ادارہ شماریات کے مطابق برائلر زندہ مرغی فی کلو 6 روپے سستی ہوئی، خوردنی گھی 3 روپے، دال چنا اور دال مونگ 1، 1 روپے فی کلو سستی ہوئی۔