سرکاری ہسپتالوں میں سروس ڈیلیوری میں غفلت پر زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔ زاہد اختر زمان
ضلع خانیوال میں تین لاکھ57ہزار ایکڑ پر کپاس کاشت کی گئی، اب تک ایک لاکھ 15 ہزار گانٹھیں حاصل ہو چکی ہیں، اگیتی کاشت سے اب تک اوسط 30سے 35من فی ایکڑ پیداوار حاصل ہوئی ہے، حکام کی بریفنگ
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے بدھ کے روز خانیوال کا دورہ کیا اور ڈی ایچ کیو ہسپتال، شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں، نواحی گاؤں میں کپاس کی فصل اورآٹزم سینٹر کا معائنہ کیا۔
چیف سیکرٹری نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں طبی سہولیات کا جائزہ لیا اورمریضوں سے ڈاکٹروں کے رویہ،ادویات کی فراہمی بارے دریافت کیا۔ انہوں نے پنجاب سٹیژ پروگرام کے تحت مکمل ہونے والی سڑکوں کی تعمیر کا معیار بھی چیک کیا۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ دور دراز شہروں کے انفراسٹرکچر کی بہتری کے لئے ہدایات جاری کی ہیں اوردیہی علاقوں میں صفائی کی سہولیات کیلئے اب گاوں چمکیں گے پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں سروس ڈیلیوری میں غفلت پر زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔ انہوں نے ہسپتالوں میں ضروری ادویات کی دستیابی یقینی بنانے سے متعلق بھی ہدایات جاری کیں۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے گرانفروشوں اورناجائز منافع خوروں کیخلاف کریک ڈاون جاری رکھا جائے۔ انہوں نے شہریوں کی فلاح و بہبود کے اقدامات پر ڈپٹی کمشنر اور انکی ٹیم کی کارکردگی کی تعریف بھی کی۔
محکمہ زراعت کے حکام نے چیف سیکرٹری کوبتایا کہ ضلع خانیوال میں تین لاکھ57ہزار ایکڑ پر کپاس کی فصل کاشت کی گئی ہے اور اب تک ایک لاکھ 15 ہزار گانٹھیں حاصل ہو چکی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اگیتی کاشت سے اب تک اوسط 30سے 35من فی ایکڑ پیداوار حاصل ہوئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے چیف سیکرٹری کو اداروں میں پبلک سروس ڈیلیوری اور عوامی فلاحی اقدامات بارے تفصیلی بریفنگ دی۔