
شناخت اور ٹریس ایبیلیٹی پروگرام کی مدد سے لائیو سٹاک کی برآمدات میں ایک ارب ڈالر تک کا اضافہ ممکن ہے، صوبائی وزیر محکمہ لائیو سٹاک پنجاب ابراہیم مراد
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں حلال گوشت کی مارکیٹ قریب 2 ہزار ارب ڈالر کی ہے۔ آج کی تاریخ میں ہماری ملکی برآمدات 500 ملین ڈالر کی ہیں جنہیں پہلے مرحلے میں بڑھا کر ہمیں 15 ارب ڈالر تک لے جانا ہے
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):صوبائی وزیر محکمہ لائیو سٹاک پنجاب ابراہیم مراد کی زیرِ صدارت مال مویشیوں کی شناخت اور ٹریس ایبیلٹی کے حوالے اہم جائزہ اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شناخت اور ٹریس ایبیلیٹی پروگرام کی مدد سے لائیو سٹاک کی برآمدات میں ایک ارب ڈالر تک کا اضافہ ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں حلال گوشت کی مارکیٹ قریب 2 ہزار ارب ڈالر کی ہے۔ آج کی تاریخ میں ہماری ملکی برآمدات 500 ملین ڈالر کی ہیں جنہیں پہلے مرحلے میں بڑھا کر ہمیں 15 ارب ڈالر تک لے جانا ہے۔ ابراہیم مراد نے کہا کہ ٹریسیبیلیٹی سسٹم کی مدد سے گوشت کی قیمت و برآمدات میں واضح اضافہ ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ دنیا بھر میں 3 ڈالر فی کلو بِکنے والا گوشت معیار بہتر ہونے کے بعد 9 ڈالر فی کلو تک فروخت ہو سکے گا۔ صوبائی وزیر لائیو سٹاک پنجاب نے بتایا کہ اینیمل ٹریس ایبلیٹی سسٹم کی مدد سے صوبے کی تاریخ میں پہلی بار اب تک 62685 بڑے جانور رجسٹر کئے جا چکے ہیں۔ پنجاب میں 500 سے زائد جانوروں والے 115 فارمز میں 13367 جانور رجسٹر ہو چکے ہیں۔ اجلاس کا انعقاد لاہور میں کیا گیا اور اس موقع پر سیکریٹری محکمہ لائیو سٹاک ڈاکٹر مسعود انور، نمائندگان پنجاب انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی بورڈ و دیگر شریک تھے۔