مشرق وسطیٰ

سائنس اور ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کیے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا، ایس ایم تنویر

سمر سکلز کیمپ کے پوزیشن ہولڈرز کی تقریب تقسیم انعامات، صوبائی وزراء ایس ایم تنویر اور منصور قادر کی بطور مہمان خصوصی شرکت پنجاب روزگار سکیم کے تحت نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لئے آسان شرائط پر قرضے دیئے جا رہے ہیں، صوبائی وزیر صنعت وتجارت

لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):‌ سمر سکلز کیمپ کے پوزیشن ہولڈرز کی تقریب تقسیم انعامات قائد اعظم اکیڈمی فار ایجوکیشنل ڈویلپمنٹ وحدت کالونی میں منعقد ہوئی۔ صوبائی وزیر صنعت وتجارت ایس ایم تنویر اور صوبائی وزیر تعلیم منصور قادر تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ محکمہ صنعت وتجارت،سکولز ایجوکیشن اور محکمہ ہائرایجوکیشن کے اشتراک سے گرمیوں کے چھٹیوں کے دوران سمر سکلز کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ سمر سکلز کیمپ میں سرکاری سکولوں اور کالجوں کے طلبہ و طالبات کو 14 مختلف ٹریڈز میں ٹیوٹا کے 27اداروں میں تین ماہ کے شارٹ کورسسز مفت کروائے گئے۔ سمر سکلز کیمپ میں سرکاری سکولوں اور کالجوں کے 1900 طلبہ و طالبات نے حصہ لیا۔ سمر سکلز کیمپ کے بعد ہونے والے امتحانات میں کامیابی کا تناسب 94 فیصد رہا۔ صوبائی وزراء نے پوزیشن ہولڈرز میں نقد انعامات، کٹس اور اسناد تقسیم کیں اور پوزیشن ہولڈرز کو مبارکباد دی۔
صوبائی وزیر صنعت وتجارت ایس ایم تنویر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کیے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ ہمارے ملک کی 60 فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جنہیں جدید علوم سے آراستہ کرکے ملک و قوم کی تقدیر بدلی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب روزگار سکیم کے تحت نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لئے آسان شرائط پر قرضے دیئے جا رہے ہیں۔ نوجوانوں کو روزگار شروع کرنے کے لئے قرضے کی حد 10 لاکھ سے بڑھا کر 20 لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔ نوجوان پنجاب حکومت کی اس سکیم سے فائدہ اٹھائیں۔
صوبائی وزیر تعلیم منصور قادر نے کہا کہ طلباء وطالبات نے چھٹیوں میں اپنا وقت ضائع کیے بغیر سمر سکلز کیمپ میں شرکت کرکے نئی سکلزسیکھیں۔ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں انہیں تعلیم کے ساتھ فنی تعلیم سے آراستہ کرنا ضروری ہے۔ مہارت اور ڈگری کاامتزاج کیئر کو بلندی پر لے جا سکتا ہے۔ سیکرٹری صنعت وتجارت احسان بھٹہ نے سمر سکلز کیمپ کے اغراض مقاصد،ا ہمیت اور افادیت پر روشنی ڈالی۔ تقریب میں سیکرٹری ہائرایجوکیشن، سیکرٹری سکولز ایجوکیشن، چیئرمین پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن، سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ، سی او او ٹیوٹا، ٹیکنیکل یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز اور تینوں محکموں کے افسران موجود تھے۔ تربیت حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات، پوزیشن ہولڈرز اور ان کے والدین نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button