
پرتھ ٹیسٹ: تیسرے دن کا کھیل ختم، آسٹریلیا کو پاکستان پر 300 رنز کی برتری حاصل
پرتھ میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے دو وکٹوں کے نقصان پر 84 رنز بنا لیے تھے۔
آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان جاری تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کے تیسرے دن آسٹریلیا کو پاکستان پر 300 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
پرتھ میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے دو وکٹوں کے نقصان پر 84 رنز بنا لیے تھے۔
دوسری اننگز میں آسٹریلیا کی جانب سے کریز پر سٹیو سمتھ 43 جبکہ عثمان خواجہ 34 رنز بنا کر موجود ہیں۔
اس سے قبل پاکستان کی پوری ٹیم 271 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔
پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں امام الحق نے 62، عبداللہ شفیق نے 42 اور کپتان شان مسعود نے 30 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی طرف سے بولنگ کرتے ہوئے نیتھن لائن نے تین جبکہ مچل سٹارک اور پیٹ کمنز نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
سنیچر کو پاکستان نے اپنی پہلی اننگز دو وکٹوں کے نقصان پر دوبارہ شروع کی تو امام الحق اور خرم شہزاد کریز پر کھڑے تھے۔
نائٹ واچ مین خرم شہزاد جلد ہی پویلین لوٹ گئے، اُن کو پیٹ کمنز نے کلین بولڈ کیا۔ وہ سات رنز بنا سکے۔
اس کے بعد بابر اعظم 21 رنز بنا کر وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔
اوپنر امام الحق نے اس دوران نصف سینچری مکمل کی مگر اس کے بعد زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 199 گیندوں پر 62 رنز بنا کر لیون کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں سٹمپ آؤٹ ہو گئے۔
اُن کے بعد وکٹ کیپر بلے باز سرفراز کھیلنے آئے مگر تین رنز بنا کر مچل سٹارک کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔
پاکستان کی چھٹی وکٹ 195 کے مجموعی سکور پر گری۔ کھانے کے وقفے کے بعد ساتویں کھلاڑی سعود شکیل آؤٹ ہوئے جن کی وکٹ ہیزل ووڈ نے حاصل کی۔
آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی فہیم اشرف تھے جنہوں نے 9 رنز سکور کیے اور پیٹ کمنز کا نشانہ بنے۔ نویں وکٹ عامر جمال کی گری جب وہ دس رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی شاہین آفریدی تھے۔
خیال رہے آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 10 وکٹوں کے نقصان پر 487 رنز بنائے تھے۔