
لیسکو کی بجلی چوروں کے خلاف 138 روز سے جاری مہم کے دوران 17387 ملزمان گرفتار
لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): وزارت توانائی پاور ڈویڑن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی بجلی چوروں کیخلاف آپریشن جاری ہے۔138 روز سے جاری انسداد بجلی چوری مہم کے دوران اب تک17387ملزمان کو گرفتار کیا گیا،مجموعی طور پر47603ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،47148 کنکشن کیخلاف ایف آئی آر کی درخواستیں جمع کروائی گئیں جن میں سے44610درخواستیں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں۔بجلی چوروں کو اب تک68082194(چھ کروڑ اسی لاکھ بیاسی ہزارایک سو چورانوے) یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت2645368418 (دو ار ب چونسٹھ کروڑتریپن لاکھ اڑسٹھ ہزارچار سواٹھارہ روپے) ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں389کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،تمام بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائرکی گئیں جس میں سے168درخواستیں رجسٹرڈ ہوچکی ہیں جبکہ10ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں9کمرشل،3 انڈسٹریل اور377ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو292110(دو لاکھ بانوے ہزارایک سودس) یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت10208157 (ایک کروڑدولاکھ آٹھ ہزارایک سو ستاون) روپے ہے۔بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائی گئے۔ ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اور ان کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔مغلپورہ کے علاقے میں کنکشن کو240550روپے،شادباغ کے ہی علاقے میں کنکشن کو184000روپے،اچھرہ کےعلاقے میں کنکشن کو160000روپے اورنشاط کالونی کے علاقے صدرمیں ایک کنکشن کو157000روپے چارج کیے گئے ہیں۔ واضح رہے بجلی چوروں کیخلاف آپریشنز وفاقی پاور ڈویڑن کی جانب سے دی گئی ہدایات کے مطابق کیئے جا رہے ہیں اور چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر بذاتِ خود ان آپریشنز کی نگرانی کر رہے ہیں۔ لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔