
پنجاب پولیس فلم فیسٹیول کی تقریب تقسیم انعامات الحمرا ہال میں منعقد، بی ایچ کے فلمز کی تیار کردہ ججی فیسٹیول کی بہترین فلم قرار
فلمساز سید نور کا پاکستان پولیس پر فلم بنانے کا اعلان۔*پولیس فلم فیسٹیول نے نوجوان فلمسازوں کو نئی امید دی ہے۔ سید نور
پاکستان لاہور(نمائندہ وائس آف جرمنی):: پنجاب پولیس کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے فلم فیسٹیول کی تقریب تقسیم انعامات الحمرا ہال میں منعقد ہوئی جس میں بی ایچ کے فلمز کی تیار کردہ کرائم تھرلر فلم ججی فیسٹیول کی بہترین فلم قرار پائی، تقریب میں ججی فلم کی سکریننگ کی گئی، نامور فلمساز سید نور نے ججی فلم کے ڈائریکٹر حبیب شہزاد اور ٹیم کو شیلڈز سے نوازا، فلمساز سید نور نے اپنے خطاب میں پاکستان پولیس پر فلم بنانے کا اعلان کیا، سید نور نے کہا کہ پولیس فلم فیسٹیول نے نوجوان فلمسازوں کو نئی امید دی ہے۔ سینئر فنکار راشد محمود نے کامیاب فلم فیسٹیول کے انعقاد پر پنجاب پولیس کو مبارک باد پیش کی، انہوں نے کہا کہ فلموں اور ڈراموں میں پولیس فورس کا حقیقی امیج پیش کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، ایسے فیسٹیول نوجوان فلمسازوں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ اہم موضوعات کی جانب توجہ دلاتے ہیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے فلم فیسٹیول کے جیوری ممبرز اور فلم میکرز کا شکریہ ادا کیا۔ آئی جی پنجاب نے فلم فیسٹیول کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس ایک فیملی ہے، اپنے ملک کا تحفظ کرتی ہے، ہم ہر شکایت کا ازالہ کرتے ہیں چاہے وہ فیک نیوز ہو، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہم چیلنج کرتے ہیں کہ ہمارے تھانوں، خدمت مراکز، لائسنس سینٹرز میں جائیں، رویوں میں تبدیلی نظر آئے گی، ڈاکٹر عثمان انور نے کہا دہشت گرد جتنی مرضی کوشش کریں، جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے،پنجاب پولیس دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے پوری طرح مستعد اور تیار ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس نے آٹھ گنا کم لاگت سے 45 دنوں میں تین بڑے شہروں میں سیف سٹی پراجیکٹس مکمل کر دئیے ہیں، پنجاب پولیس کے تمام 737 تھانے اور سروس ڈلیوری دفاتر ترقی یافتہ ممالک کی پولیس فورسز کے ہم پلہ ہیں، پنجاب پولیس کے بہادر جوانوں نے بارڈر چیک پوسٹوں پر ہونے والے دہشت گردوں کے 05 حملوں کو پسپا کیا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ سپیشل برانچ کی بھرپور محنت اور حقائق پر مبنی رپورٹنگ نے ذخیرہ اندوزی کا قلع قمع کیلئے اہم کردار ادا کر رہی ہے، صوبے کے تمام اضلاع کے تھانے اور پولیس دفاتر ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل سمیت ہر ادارے کی انسپکشن کیلئے تیار ہیں۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ ہم نے والنٹیرز ان پولیس اور فرینڈز آف پولیس پروگرامز کے ذریعے اپنے تھانوں اور دفاتر کو نوجوانوں کیلئے کھول دیا ہے۔ پنجاب پولیس کی تاریخ میں 11 ہزار کانسٹیبلز کی سے سب سے بڑی بھرتی میرٹ کے مطابق ہونے جا رہی ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ اگر ایک کلومیٹر موٹر وے کی تعمیر کی لاگت کے برابر فنڈز سالانہ مل جائیں تو نظام تفتیش کی خامیاں دور ہوجائیں گی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس نے سیالکوٹ اور سرگودھا میں رچائی گئی بین الاقوامی سازشوں کو گھنٹوں میں ٹریس کیا، آئی جی پنجاب نے کہا کہ مذاق بننے والے پولیس اہلکاروں نے ان بین الاقوامی سازشوں کو ناکام بنایا، ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ میں دعوی کرتا ہوں گلبرگ لاہور کے تھانے سے زیادہ خوبصورت تھانہ چین، جاپان، امریکہ میں نہیں ہوگا، آئی جی پنجاب نے کہا کہ کچہ آپریشن کرکے علاقہ کلئیر کرنے کا وعدہ پورا کردیا، ساڑھے چار ہزار کلومیٹر موٹروے کے محافظ ہیں، ڈکیتی کے دوران ذیادتی، خواتین کا ڈوپٹہ کھینچنے والوں کے راستے میں سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہیں، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس نے یقینی بنانا ہے کہ بچیاں سکولوں اور کالجز میں جائیں گی، تعلیم حاصل کرنے والی بچیوں کے پیچھے وردی ہے، سوات کی بستی کے پیچھے وردی ہے، قوم کے زندہ رہنے کے پیچھے وردی ہے، ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ وردی والوں نے فیصلہ کر رکھا ہے،ہر اقلیت اور فرقے کو تحفظ دیں گے،
ایڈیشنل آئی جی آپریشنز شہزادہ سلطان نے فلم فیسٹیول کے مہمانوں، فرینڈز آف پولیس و والنٹیرز ان پولیس کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ فیسٹیول کی دوسری بہترین فلم حلف کی سکریننگ کا اہتمام بھی جلد کیا جائے گا۔ تقریب میں نامور فلمساز سید نور، سینئر فنکار راشد محمود، فلم ڈائریکٹر مسعود بٹ، پروڈیوسر چوہدری ذوالفقار علی مانا سمیت فلم و ادب سے وابستہ دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب شہزادہ سلطان نے فلم فیسٹیول کے اغراض و مقاصد اور فلمز بارے بریفنگ دی۔ ایڈیشنل آئی جی سلطان احمد چوہدری، ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس ایڈیشنل آئی جی پروکیورمنٹ، ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز، سینئر پولیس افسران، فلم، ٹی وی، تمام شعبہ ہائے زندگی سے معروف شخصیات، فرینڈز آف پولیس اور والنٹیرز ان پولیس، تعلیمی اداروں کے طلبا و طالبات، شوبز نمائندوں نے شرکت کی۔