کھیل

پی ایس ایل 9: 176 رنز کے تعاقب میں کراچی کنگز مشکل میں

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے 10ویں میچ میں کراچی کنگز کی 176 رنز کے تعاقب میں لاہور قلندرز کے خلاف بیٹنگ جاری ہے۔

اب سے کچھ دیر قبل تک کراچی کنگز نے پانچ اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 27 رنز بنائے ہیں۔ وکٹ پر شعیب ملک اور کیرن پولارڈ موجود ہیں۔
سنیچر کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ اور لاہور قلندرز نے صاحبزادہ فرحان کی شاندار 72 ناٹ آؤٹ کی اننگز کی بدولت 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے۔
کراچی کی جانب سے حسن علی اور میر حمزہ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
کراچی کنگز کی اننگز
176 رنز کے تعاقب میں شان مسعود اور محمد اخلاق نے اننگز کا آغاز کیا تو کئی خوبصورت باؤنڈریز لگائیں لیکن شان بدقسمت رہے اور تیسرے اوور میں صاحبزادہ فرحان کی ایک عمدہ تھرو پر 10 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔
ٹیم کی بری کارکردگی اور ایک اچھے سپنر کی عدم موجودگی سے پریشان شاہین شاہ آفریدی نے چوتھے اوور کے لیے گیند آل راؤنڈر احسن حفیظ کو تھمایا تو ان کی پہلی گیند سے ہی لگا کہ مقابلہ خوب ہو گا۔ جیمز وینس نے انہیں دو چوکے تو لگائے لیکن آخری قہقہہ حفیظ نے لگاتے ہوئے انہیں کلین بولڈ کر دیا۔ وہ صرف آٹھ رنز بنا سکے۔
لاہور قلندرز کی اننگز
لاہور قلندرز کو ابتدائی نقصان جلد ہی اٹھانا پڑ گیا جب میر حمزہ کی گیند پر فخر زمان صرف 6 رن بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
دوسری وکٹ کے لیے رسی فین ڈر ڈسن اور صاحبزادہ فرحان کے درمیان 36 گیندوں پر 36 رنز کی شراکت بنی۔
کراچی کنگز کو دوسری کامیابی 45 کے مجموعی سکور پر ملی جب رسی فین ڈر ڈسن 26 رنز بنا کر تبریز شمسی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
کراچی کنگز کو تیسری وکٹ کے لیے بھی زیادہ انتظار نہ کرنا پڑا اور اگلے ہی اوور میں احسن حفیظ 8 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر کیرون پولارڈ کے کیچ کی بدولت پویلین واپس لوٹ گئے۔
تین کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد صاحبزادہ فرحان نے جہانداد خان کے ساتھ سکور تیزی سے بنانے کی بھرپور کوشش کی تاہم جہانداد خان 13ویں اوور کی تیسری گیند پر کیرون پولارڈ کے شاندار کیچ کی بدولت آؤٹ ہوگئے۔
لاہور قلندرز کے لیے شائے ہوپ اور صاحبزادہ فرحان کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے 24 رنز کی مختصر شراکت دیکھنے کو ملی۔
شائے ہوپ اس شراکت کو لمبا کرنے میں ناکام رہے اور 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
لاہور قلندرز کی چھٹی وکٹ بھی جلدی گر گئی جب سکندر رضا حسن علی کی گیند پر تبریز شمسی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
قذافی سٹیڈیم میں جاری یہ میچ ایونٹ میں لاہور قلندرز کا چوتھا جبکہ کراچی کنگز کا تیسرا میچ ہے۔
کراچی کنگز اب تک پی ایس ایل 9 میں دو میچز کھیل چکی ہے جس میں اسے ایک میں جیت اور ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
اسی طرح لاہور قلندرز کو اب تک تینوں میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
پی ایس ایل کی تاریخ میں دونوں ٹیمیں اب تک ایک دوسرے کے خلاف مجموعی طور پر 17 میچ کھیل چکی ہیں۔
اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے 17 میچوں میں 11 مرتبہ کراچی کنگز نے فتح حاصل کی ہے جبکہ 6 مرتبہ میدان لاہور قلندرز نے مارا ہے۔
اگر پوائنٹس ٹیبل پر نگاہ ڈالی جائے تو کراچی کنگز دو پوائنٹس کے ساتھ چوتھے جبکہ لاہور قلندرز صفر پوائنٹس کے ساتھ سب سے آخری یعنی چھٹے نمبر پر براجمان ہے۔
لاہور قلندرز کی پلئینگ الیون
اس میچ کے لیے لاہور قلندرز کی ٹیم میں فخر زمان، صاحبزادہ فرحان، رسی فین ڈر ڈسن، شائے ہوپ (وکٹ کیپر)، سکندر رضا، جورج لنڈے، احسن حفیظ بھٹی، جہانداد خان، شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، حارث رؤف اور زمان خان شامل ہیں۔
کراچی کنگز کی پلئینگ الیون
اس میچ کے لیے کراچی کنگز کی ٹیم میں شان مسعود (کپتان)، محمد اخلاق (وکٹ کیپر)، جیمز ونس، شعیب ملک، کیرون پولارڈ، محمد نواز، عرفان خان نیازی، ڈینیئل سیمز، حسن علی، میر حمزہ اور تبریز شمسی شامل ہیں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button