![](https://vogurdunews.de/wp-content/uploads/2024/03/WhatsApp-Image-2024-03-05-at-10.31.36-PM-1-780x470.jpeg)
نگہبان رمضان پیکج کے تحت صوبہ میں مستحقین کو38ہزاردوسو90راشن بیگز گھروں کی دہلیز پر فراہم کر دیئے گئے
چیف سیکرٹری کا ذخیرہ اندوزوں،گرانفروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کا حکم اشیاء خورونوش کی مقررہ قیمتوں پر دستیابی یقینی بنانا انتظامی افسران کی ذمہ داری ہے، غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔زاہد اختر زمان گزشتہ پانچ روز میں پرائس مجسٹریٹس نے ڈیڑھ لاکھ مقامات کی چیکنگ کی، 180مقدمات درج،566افراد کو گرفتار کیا گیا۔ بریفنگ
پاکستان لاہور(نمائندہ وائس آف جرمنی):وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر شروع کئے گئے نگہبان رمضان پیکج کے تحت صوبہ میں مستحقین کو38ہزاردوسو90راشن بیگز گھروں کی دہلیز پر فراہم کر دیئے گئے جبکہ 64لاکھ راشن بیگز کی تقسیم کیلئے ٹرانسپورٹیشن پلان تیار کر لیا گیا ہے۔
یہ بات حکام نے چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کو سول سیکرٹریٹ میں منعقد اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتائی۔ اجلاس میں نگہبان رمضان پیکج،اشیاء خورونوش کی قیمتوں کی نگرانی اور گورننس کی بہتری کیلئے کئے جانیوالے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ عوام کو مہنگائی سے ریلیف کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزوں اور گرانفروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن تیزکیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اشیاء خورونوش کی مقررہ قیمتوں پر دستیابی یقینی بنانا انتظامی افسران کی ذمہ داری ہے، غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
چیف سیکرٹری نے حکم دیا کہ نگہبان رمضان پیکج کیلئے مستحق افراد کی تصدیق کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے اور گرانفروشی کی روک تھام کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فیلڈ میں متحرک کیا جائے۔چیف سیکرٹری نے گرانفروشوں کیخلاف کارروائیوں سے متعلق رپورٹ بھی طلب کی۔
اجلاس میں تمام اضلاع میں اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کا موازنہ پیش کیا گیا۔سیکرٹری صنعت اور متعلقہ افسران نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ حکام نے بتایا کہ گزشتہ پانچ روز میں پرائس مجسٹریٹس نے تقریباڈیڑھ لاکھ مقامات کی چیکنگ کی، گرانفروشی پر 180مقدمات درج اور566افراد کو گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نگہبان رمضان پیکج کے تحت تقسیم ہونے والے راشن کے معیار کو یقینی بنایا جا رہا ہے اورپنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں راشن بیگ میں فراہم کی جانیوالی اشیاء کے معیار کو چیک کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تقسیم کئے گئے راشن بیگز کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کا عمل بھی جاری ہے۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، صنعت، خوراک، زراعت کے سیکرٹریز، چیئرمین پی آئی ٹی بی ور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔