
معاشی استحکام اور خودانحصاری کے حصول کیلئے ہمیں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے ہوں گے،صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین
انہوں نے صوبے میں سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی اور اس امر کا اعادہ کیا کہ سیاسی استحکام کے ساتھ ساتھ صوبے کو سرمایہ کاری کا ہب بنائیں گے اور یہاں سرمایہ کاروں کوہر طرح کی سہولت مہیا کی جائیں گی
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا ہے کہ معاشی استحکام اور خود انحصاری کے حصول کیلئے صوبے میں نئی سرمایہ کاری کی راہیں ہموار کرنا انتہائی ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت میں محکمانہ بریفنگ لیتے ہوئے کیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کا دورہ کیا جہاں محکمہ کے انتظامی افسران کے ساتھ تفصیلی ملاقات کی اور بورڈ کی کارکردگی کی جائزہ لیا۔ پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے سی ای او جلال حسن نے اس موقع پر انہیں بورڈ کی کارکردگی اور آئندہ کے لائحہ عمل بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہو ں نے بتایا کہ پنجاب میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے اس سال چھ خصوصی اقتصادی زون بنائے جائیں گے ۔ صوبائی وزیر چوہدری شافع حسن نے کہا کہ معاشی استحکام اور خودانحصاری کے حصول کیلئے ہمیں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے ہوں گے اور اس کیلئے صوبے میں نئی سرمایہ کاری لانا ضروری ہے۔ انہوں نے صوبے میں سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی اور اس امر کا اعادہ کیا کہ سیاسی استحکام کے ساتھ ساتھ صوبے کو سرمایہ کاری کا ہب بنائیں گے اور یہاں سرمایہ کاروں کوہر طرح کی سہولت مہیا کی جائیں گی۔ انہوں نے پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری کے سی ای او سے کہا کہ سولر پینلز کی مقامی سطح پر تیاری کیلئے کمپنیوں کو راغب کیاجائے اور ایسے ممالک میں روڈ شوزکیے جائیں جہاں سے پاکستان میں سرمایہ کاری آنے کے روشن امکانات ہوں۔