سنیچر کی سہ پہر جج نتاشا سپرا نے فیصلہ سناتے ہوئے تمام ملزمان کو پانچ پانچ سال قید کی سزا دی۔ ملزمان پر گوجرانوالہ کینٹ میں توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کے الزامات کے تحت مقدمات درج کیے گئے تھے۔
نو مئی کو مبینہ طور پر پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے احتجاج کے دوران حساس تنصیبات پر حملے کئے گئے تھے۔ مظاہرین کے حملے میں ایک ایس پی سمیت پولیس کے دس اہلکار زخمی اور ایک شہری قتل ہوا تھا۔ مظاہرین کی جانب سے چار گاڑیاں بھی توڑی گئی تھیں۔
نو مئی کو تھانہ کینٹ پولیس نے ایس ایچ او مدثر بٹ کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا تھا۔ پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہو لڈرز سمیت 23 نامزد اور تین سے چار سو نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت میں نو مئی کا مقدمہ زیر سما عت رہا۔ پولیس نے مقدمہ میں ملوث 51 ملزمان کو گرفتار کر لیا تھا۔
دہشت گردی عدالت پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماؤں شاہ محمود قریشی، مراد سعید، علی امین گنڈا پور سمیت متعدد رہنماؤں کی جائیداد قرقی کا حکم بھی دے چکی ہے۔
مقدمہ میں نامزد پی ٹی آئی کے متعدد رہنما عدالتوں سے عبوری ضمانتوں پر ہیں۔
تھانہ کینٹ میں 10 مئی 2023 کو درج ہونے والے مقدمے میں ناجائز اسلحہ، قتل و دہشت گردی کی دفعات شامل ہیں۔
مقدمے میں مقامی رہنما کلیم اللہ خان، جمال ناصر چیمہ، رضوان ظفر چیمہ، رضوان مصطفیٰ سیان اور سابق ایم پی اے شبیر مہر نامزد تھے۔
مجموعی طور پر 51 نامزد اور 400 نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔