
لیسکو اور پنجاب پولیس کے افسران کا مشترکہ اجلاس، بجلی چوری کی روک تھام کے لیے جامع حکمت عملی پر غور
اجلاس میں شریک لیسکو حکام کی جانب سے انسداد بجلی چوری مہم کو موثر بنانے میں پولیس کے کردار کو سراہا گیا
ترجمان لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے جاری ہونیوالے اعلامیے کے مطابق قصور میں لیسکو اور پنجاب پولیس کے افسران کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں قصور سرکل کے ایس ای اور تمام ایکسیئنز نے شرکت کی جبکہ اجلاس میں ایس پی انویسٹی گیشن قصور اور تمام ایس ڈی پی اوز نے بھی شرکت کی، اس موقع پر پنجاب حکومت کے پراسیکیوٹرز بھی موجود تھے۔ اجلاس میں انسداد بجلی چوری مہم کو مزید بہتر بنانے اور ملزمان کو سزا دلوانے کی راہ میں حائل روکاوٹیں دور کرنے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا ۔ اجلاس میں شریک لیسکو حکام کی جانب سے انسداد بجلی چوری مہم کو موثر بنانے میں پولیس کے کردار کو سراہا گیا ، لیسکو حکام کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کی مدد سے جلد ہی قصور سرکل سے بجلی چوری کا مکمل خاتمے کر دیا جائے گا، انسداد بجلی چوری مہم کے دوران پنجاب پولیس کا کردار قابل تعریف ہے۔