معاشی استحکام اب انتخاب نہیں، یہ ہماری بقا اور خوشحالی کے لیے ضروری ہے‘سپیکر ملک احمد خان
مضبوط مستقبل کے لئے تعلیم و صحت سمیت دیگر شعبوں میں موجودہ حکومت بلا تفریق محنت کر رہی ہے سپیکر پنجاب اسمبلی کا لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی میں بین الاقوامی کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی میں تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس کی اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی شرکت کی۔ کانفرنس عالمی سطح پر اقتصادی ترقی، ماحولیاتی تحفظ اور سماجی مساوات کے حوالے سے درپیش مسائل کے موضوع پر منعقد کی گئی تھی۔ اس موقع پر سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ حکومت ایسی پالیسیوں کو نافذ کرنے کے لیے پرعزم ہے جو اقتصادی ترقی کو ماحولیاتی تحفظ اور سماجی مساوات کے ساتھ مربوط کرتی ہیں۔
مضبوط مستقبل کے لئے تعلیم و صحت سمیت دیگر شعبوں میں موجودہ حکومت بلا تفریق محنت کر رہی ہے۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے مزید کہا کہ معاشی استحکام اب انتخاب نہیں، یہ ہماری بقا اور خوشحالی کے لیے ضروری ہے۔
ہمارے اعمال آئندہ نسلوں کے مستقبل کا تعین کریں گے۔مسلم لیگ ن وہ واحد سیاسی جماعت ہے جو ملک کو درپیش چیلنجز سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا ہنر جانتی ہے۔
دورانِ خطاب سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ ڈیلپمنٹ پروجیکٹس کے دوران انوائرمنٹ کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ان تین دہائیوں میں وہ درخت جو بچپن میں ہم دیکھتے تھے ختم ہو گئے۔پچھلی حکومت نے اسموگ پر کسی قسم کی کوئی پالیسی نہیں بنائی تھی۔ اختتامی تقریب میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر اخوت ڈاکٹر امجد ثاقب، وائس چانسلر لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شگفتہ ناز،فیکلٹی آف آرٹس اینڈ سوشل سائنسز کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمد افضل، ڈاکٹر شاہد محمود، پنجاب یونیورسٹی کے پروفیسر سجاد راشد احمد، ڈاکٹر شکیل حیات، ڈاکٹر شاہد سمیت طالبات نے شرکت کی ۔