امریکا:نائب صدر کے طور پر ٹرمپ کے امیدوار کی بھارتی نژاد اہلیہ کون ؟
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطبق لڑکپن کے وقت سے ہی اوشا کے دوستوں نے انہیں "لیڈر" اور "کتابی کیڑا" قرار دیا تھا۔ اس کی وجہ اوشا کی مطالعے سے محبت تھی۔
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست اوہایو سے تعلق رکھنے والے ریپبلکن سینیٹر جیمز ڈیوڈ وینس کو نائب صدر کے انتخابات کے لیے چن لیا ہے۔ اس پیش رفت کے بعد جیمز اور ان کی بھارتی نژاد اہلیہ اوشا چلوکوری وینس نے بھی توجہ حاصل کر لی ہے۔
اوشا چلوکوری وینس کون ہیں ؟
ہندوستانی مہاجر والدین کے گھر پیدا ہونے والی اوشا کی پرورش سان ڈیاگو (کیلیفورنیا) میں ہوئی۔
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطبق لڑکپن کے وقت سے ہی اوشا کے دوستوں نے انہیں "لیڈر” اور "کتابی کیڑا” قرار دیا تھا۔ اس کی وجہ اوشا کی مطالعے سے محبت تھی۔
جیمز ڈیوڈ وینس سے اوشا کی ملاقات ییل یونیورسٹی میں ہوئی جہاں وہ دونوں کلیہ قانون میں تعلیم حاصل کر رہے تھے۔ ان دونوں نے 2014 میں شادی کر لی اور ان کے تین بچے ہیں۔
قانون کی تعلیم سے پہلے اوشا نے تاریخ میں گریجویشن اور فلسفے میں ماسٹرز کی ڈگریاں حاصل کیں۔
برطانوی اخبار ٹائمز کے مطابق کم از کم 2014 تک وہ رجسٹرڈ ڈیموکریٹ تھیں۔
اوشا امریکی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جون جی روبرٹس جونیئر کے پاس بطور کلرک کام کر چکی ہیں۔
انہوں نے 2015 سے 2017 تک کیلیفورنیا میں ایک لاء فرم Munger, Tolles & Olson میں بطور ایسوسی ایٹ ذمے داریاں انجام دیں۔ اس کے بعد 2019 میں دوبارہ اسی فرم کے ساتھ وابستہ ہو گئیں۔
اوشا کیلیفورنیا یونی ورسٹی اور والٹ ڈزنی کمپنی کے کیسوں میں بھی کام کر چکی ہیں۔