کاروبار

پاکستان غیر ملکی زرمبادلہ کے حصول میں اضافہ اور تجارت کے شعبہ کی ترقی کے لیے سیاحت کے فروغ پر توجہ دے رہا ہے، جام کمال خان

پاکستان کے ویزہ نظام میں حالیہ نرمی کے تحت 126 ممالک کے شہریوں کے لیے فیس معاف کی گئی ہے

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان غیر ملکی زرمبادلہ کے حصول میں اضافہ اور تجارت کے شعبہ کی ترقی کے لیے سیاحت کے فروغ پر توجہ دے رہا ہے۔ وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی صدارت میں پاکستان میں سیاحت اور مہمان نوازی کے شعبے کے شراکتداروں کا اجلاس جمعہ کو منعقد ہوا۔ وزارت تجارت کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس کے شرکا نے زرمبادلہ کے حصول میں اضافہ اور تجارت کے فروغ کے حوالہ سے سیاحت کے شعبہ کی استعداد اور وسیع امکانات کو اجاگر کیا۔ عالمی یوم سیاحت کے موقع پر خصوصی اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس میں شعبہ کے شراکتدار شریک ہوئے۔
سیاحت کا عالمی دن بین الاقوامی سطح پر افہام و تفہیم، اقتصادی ترقی اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینے میں سیاحت کی اہمیت کو تسلیم کرنے کے لئے وقف ہے اور ہر سال باقاعدگی سے یہ دن دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔ اجلاس کے دوران سیاحت کے شعبہ میں ترقی کے دستیاب مواقع کا اعتراف کرتے ہوئے وفاقی وزیر جام کمال خان نے وزارت تجارت کی جانب سے ہر طرح کے ممکنہ اور بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔ جس میں سیاحت سے متعلق برآمدی اقدامات کے لیے ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ فنڈ (ای ڈی ایف) کی فراہمی بھی شامل ہے۔
وفاقی وزیر جام کمال خان نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا کے چند ممالک میں سیاحت کی اتنی صلاحیت موجود ہے جو پاکستان کے پاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف صنعتوں سے منسلک یہ شعبہ قومی آمدنی میں نمایاں اضافہ کر سکتا ہے۔ وفاقی وزیر نے نئی ویزا پالیسی کو سراہتے ہوئے اجلاس کے شرکا کو بتایا کہ حکومت 126 ممالک کے شہریوں کو بغیر ویزا کے ملک میں داخلے کی اجازت دیتی ہے اور پاکستان کو ایک مسابقتی عالمی منزل کی حیثیت حاصل ہے۔
پاکستان کے ویزہ نظام میں حالیہ نرمی کے تحت 126 ممالک کے شہریوں کے لیے فیس معاف کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویزہ کی آسانیوں کے نتیجہ میں پاکستان میں سیاحوں کی آمد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ وفاقی وزیر نے بین الاقوامی سیاحوں کے لیے گیٹ وے کے طور پر اسلام آباد کی اسٹریٹجک اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ 12 سے 13 بڑی ہوٹل چینز وفاقی دارالحکومت میں اپنے کاروبار قائم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں، جس سے اسلام آباد کی ایک اہم سیاحتی مرکز کی اہمیت مزید اجاگر ہو گی۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button