سابق وزیراعظم کے خلاف قانونی کارروائی کے معاملے کا فیصلہ پاکستان کی عدالتوں نے کرنا ہے، ترجمان میتھیو ملر
میتھیو ملر سے سوال پوچھا گیا کہ پی ٹی آئی کے رہنما کے خیال میں ڈونلد ٹرمپ کے صدر منتخب ہونے پر عمران خان کو رہا کر دیا جائے گا اور سیاسی منظرنامہ عمران خان کے حق میں تبدیل ہو سکتا ہے
امریکہ (نمائندہ وائس آف جرمنی):امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے حوالے سے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم کے خلاف قانونی کارروائی کے معاملے کا فیصلہ پاکستان کی عدالتوں نے کرنا ہے۔
جمعرات کو محکمہ خارجہ کی پریس بریفنگ کے دوران لطیفہ کھوسہ کا حوالہ دیتے ہوئے میتھیو ملر سے سوال پوچھا گیا کہ پی ٹی آئی کے رہنما کے خیال میں ڈونلد ٹرمپ کے صدر منتخب ہونے پر عمران خان کو رہا کر دیا جائے گا اور سیاسی منظرنامہ عمران خان کے حق میں تبدیل ہو سکتا ہے۔
سوال کے جواب میں میتھیو ملر نے کہا ’مجھے نہیں معلوم کہ کتنی دفعہ میں یہ کہہ چکا ہوں کہ یہ سچ نہیں ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا ’یہ الزامات کہ امریکہ نے انہیں (عمران خان) منصب سے ہٹانے کے لیے کوئی کردار ادا کیا ہے، غلط ہیں۔ اسی جگہ کھڑے ہو کر میں کئی مرتبہ یہ کہہ چکا ہوں۔ اور بالآخر پاکستانی سیات پاکستان کے عوام کا معاملہ ہے کہ وہ اپنے قوانین اور آئین کے تحت فیصلے کریں۔‘