منگل کے روز دونوں رہنماؤں نے متحدہ عرب امارات کے قومی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقاریب میں شرکت کے دوران یو اے ای کی قیادت اور عوام کو مبارکباد دی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے اتحاد کے بعد سے قابل ذکر ترقی کی ہے اور آج تجارت، سرمایہ کاری اور سیاحت کے شعبوں میں ایک عالمی مرکز بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے تعلقات مذہب، اعتماد اور باہمی احترام پر مبنی ہیں، جن کی بنیاد شیخ زائد بن سلطان النہیان نے رکھی تھی۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے یو اے ای کے قیام سے پہلے ہی سفارتی تعلقات قائم کر کے اپنی وابستگی ظاہر کی تھی۔
انہوں نے یو اے ای کی جانب سے مشکل وقت میں پاکستان کی مدد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان قابل اعتماد اسٹریٹجک شراکت داری موجود ہے اور یو اے ای پاکستان کے بڑے اقتصادی شراکت داروں میں شامل ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان تجارت مسلسل بڑھ رہی ہے، جبکہ یو اے ای میں مقیم 18 لاکھ پاکستانی دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنا رہے ہیں۔
انہوں نے آئی ٹی، توانائی، زراعت اور سیاحت جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا اور متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں متحدہ عرب امارات کے 53ویں قومی دن کے موقع پر یو اے ای کی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یو اے ای نے حالیہ دہائیوں میں شاندار ترقی کی ہے، جو پاکستان کے عوام کے لیے باعث فخر ہے۔
وزیراعظم نے مرحوم صدر شیخ زائد بن سلطان النہیان کی پاکستان سے محبت اور ان کے تعاون کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں میں ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ان کے کام کو ان کے متحرک فرزند شیخ محمد بن زائد آگے بڑھا رہے ہیں۔
انہوں نے یو اے ای کی جانب سے پاکستان کے لیے ویزا سہولت دوبارہ کھولنے پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ یو اے ای کی حمایت کے بغیر ممکن نہیں تھا۔ وزیراعظم نے یو اے ای کی علاقائی خودمختاری اور سلامتی کے لیے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔