بین الاقوامی

ہم اپنی فوجی صلاحیتوں پر واشنگٹن کے ساتھ مذاکرات نہیں کریں گے: پاسداران انقلاب

قومی سلامتی ملک کے لیے ایک سرخ لکیر ہے جس پر کسی بھی صورت میں بات چیت نہیں کی جائے گی

(نمائندہ وائس آف جرمنی-تہران):وائٹ ہاؤس کے خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کے اگلے دور میں یورینیم کی افزودگی اور ہتھیاروں کے پروگراموں کی تصدیق کی جائے گی۔ ایرانی پاسداران انقلاب نے فوجی صلاحیتوں کے معاملے کو ’’ ریڈ لائن ‘‘ قرار دیا ہے۔ انقلابی گارڈز کے ترجمان علی محمد نائینی نے منگل کو بیان میں کہا کہ ہماری قومی سلامتی اور دفاعی صلاحیتیں ایک سرخ لکیر ہیں جس پر کبھی بھی بات چیت نہیں کی جائے گی۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ قومی سلامتی ملک کے لیے ایک سرخ لکیر ہے جس پر کسی بھی صورت میں بات چیت نہیں کی جائے گی۔ یہ بیان امریکی ایلچی کے اس اعلان کے بعد سامنے آیا ہے کہ ایرانی فریق کے ساتھ مذاکرات کے اگلے دور کا موضوع پہلے افزودگی کے پروگرام کی تصدیق ہو گا۔ اس کے بعد ہتھیاروں کے پروگرام کی تصدیق ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اہم محور یورینیم کی افزودگی کی سطح پر پابندیاں عائد کرنے کے ساتھ ساتھ میزائلوں سمیت ہتھیاروں کے کنٹرول پر بات کرنا بھی ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ تہران کو 3.67 فیصد سے زیادہ یورینیم افزودہ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
وٹکوف نے گزشتہ ہفتے کو مسقط میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی جہاں انہوں نے عمان کی ثالثی میں بالواسطہ بات چیت کی۔ انہوں نے اس بات چیت کو مثبت اور تعمیری قرار دیا تھا۔ دریں اثنا عمان میں اگلے ہفتہ کو دوسرا دور منعقد ہونے کی توقع ہے۔ اگرچہ اطالوی وزیر خارجہ انتونیو تاجانی نے کل اعلان کیا تھا کہ مذاکرات کا دوسرا دور روم میں منعقد ہوگا تاہم ایرانی حکام اب بھی عمان میں مذاکرات کی بات کر رہے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کل شام ایران کے ساتھ مذاکرات کی رفتار پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ وہ ہمیں روک رہے ہیں۔ انہوں نے ایل سلواڈور کے صدر کے ساتھ اوول آفس میٹنگ کے دوران یہ بات کی تھی۔ انہوں نے مذاکرات ناکام ہونے کی صورت میں فوجی آپشن کی دھمکی کا بھی اعادہ کیا۔ اس بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے ایٹمی تنصیبات پر حملے کے امکان کا اشارہ دیا۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button