پاکستان پریس ریلیز

وساکھی تقریبات کے موقع پر سکھ یاتریوں کے اعزاز میں شاندار تقاریب کا انعقاد

مذہبی رسومات کی ادائیگی اور بابا گورونانک کے کھیت میں فصل کی کٹائی کی گئی،سردار رمیش سنگھ اروڑہ ، ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز سیف اللہ کھوکھر بھی ہمراہ موجود رہے

(سید عاطف ندیم-پاکستان): وساکھی میلہ اور خالصہ جنم دن کے سلسلے میں پاکستان آئے ہوئے سکھ یاتریوں کے اعزاز میں مختلف مقامات پر شاندار تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ یاتریوں نے گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب، گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال اور گوردوارہ دربار صاحب کرتار پور میں اپنی مذہبی رسومات عقیدت و احترام سے ادا کیں۔
وساکھی کے تہوار کی مناسبت سے سکھ رہنماؤں نے بابا گورونانک کے کھیت میں فصل کی روایتی کٹائی میں حصہ لیا۔ پردھان و صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ، ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز سیف اللہ کھوکھر، پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے سی ای او ابو بکر آفتاب قریشی، اور دیگر نمائندگان نے سکھ یاتریوں کے ہمراہ اس موقع پر شرکت کی۔ فصل کی کٹائی کے دوران یاتریوں نے "بولے سو نہال” کے نعرے لگاتے ہوئے اپنی خوشی اور روحانی وابستگی کا اظہار کیا۔
وساکھی تقریبات کے ایک حصے کے طور پر پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کرتارپور اور پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے اشتراک سے کبڈی میچ کا انعقاد بھی کیا گیا، جس میں یاتریوں نے بھرپور دلچسپی لی۔ سکھ یاتریوں نے روایتی بھنگڑا اور دیگر پنجابی رقص پیش کرتے ہوئے اپنی خوشی، تشکر اور پاکستان سے محبت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر کئی یاتریوں نے "پاکستان زندہ باد” کے نعرے بھی بلند کیے۔
تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ وساکھی کے موقع پر دنیا بھر سے آئے سکھ یاتریوں کو پاکستان میں خوش آمدید کہنا ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب اور متروکہ وقف املاک بورڈ سکھ برادری کے مقدس مقامات کے تحفظ اور بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز سیف اللہ کھوکھر کو ان کی بہترین کوآرڈینیشن اور یاتریوں کے لیے مثالی انتظامات پر بھرپور شاباش دی ۔ سکھ یاتریوں نے پاکستان میں ملنے والی محبت، خلوص اور پرتپاک مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان کے لیے روحانی گھر کی حیثیت رکھتا ہے، اور یہاں کی فضا میں انہیں اپنائیت کا احساس ہوتا ہے۔ یاتریوں کے دو بڑے گروپس مختلف راستوں سے لاہور پہنچ رہے ہیں۔ 65 بسوں پر مشتمل پہلا گروپ گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال سے، جبکہ 62 بسوں پر مشتمل دوسرا گروپ گوردوارہ دربار صاحب کرتار پور سے روانہ ہو کر گوردوارہ رہڑی صاحب ایمن آباد کی یاترا کے بعد گوردوارہ ڈیرہ صاحب لاہور پہنچے گا۔ بھارتی سکھ یاتری گوردوارہ ڈیرہ صاحب لاہور میں ایک روز قیام کے بعد 19 اپریل کو واہگہ بارڈر کے ذریعے واپس روانہ ہوں گے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button