پاکستاناہم خبریں

آذربائیجان کا پاکستان کے حق میں دبنگ اعلان: “ہماری دوستی کاروبار نہیں، اقدار کا معاملہ ہے”

ہ آذربائیجان پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے کیونکہ یہ صرف دو ممالک کی دوستی نہیں، بلکہ دو بھائیوں کے درمیان قائم ایک گہرا رشتہ ہے

(سید عاطف ندیم-پاکستان):وزیراعظم محمد شہبازشریف سے جمہوریہ آذربائیجان کے سفیر عزت مآب خضر فرہادوف نے آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے جنوبی ایشیاء میں حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی اور حمایت پر صدر الہام علییوف کے ساتھ ساتھ آذربائیجان کے برادر عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یہ دونوں ممالک کے درمیان پائیدار دوستی کا عکاس ہے۔ ’’آپریشن بنیان المرصوص‘‘ کے کامیابی پر پاکستان کی بہادر مسلح افواج کو دل کی گہرائیوں سے سراہتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام اس تاریخی فتح پر اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور اسی جذبے کے تحت بھارت کے ساتھ جنگ بندی پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ تاہم، پاکستان مستقبل میں کسی بھی جارحیت کا سامنا کرنے کے لیے اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے تیار ہے۔
پاکستان آذربائیجان تعلقات کے حوالے سے وزیراعظم نے دوطرفہ تعاون کے مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر علییوف کا گزشتہ جولائی میں پاکستان کا تاریخی دورہ، معیشت، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کا ایک اہم سنگ میل ہے۔ فروری 2025 میں اپنے دورہء باکو کا ذکر کرتے ہوئے، وزیراعظم نے برادرانہ تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی پاکستان کی مضبوط خواہش کا اعادہ کیا۔
جناب فرہادوف نے وزیر اعظم اور پوری پاکستانی قوم کو تہہ دل سے مبارکباد دی۔ انہوں نے جنوبی ایشیاء میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ صدر علییوف دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔ دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان دستخط شدہ مفاہمت پر عمل درآمد میں پیش رفت کے بارے میں بات کرتے ہوئے، انہوں نے وزیراعظم کو دونوں دوست ممالک کے درمیان مشترکہ مفاد کے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے اپنے مکمل عزم کا یقین دلایا۔
تھنک ٹینک انسٹی ٹیوٹ فار ڈیموکریسی اینڈ ہیومن رائٹس
بھارت کی جانب سے سفری بائیکاٹ اور معاشی دباؤ کی دھمکیوں کے جواب میں آذربائیجان کے معروف تھنک ٹینک انسٹی ٹیوٹ فار ڈیموکریسی اینڈ ہیومن رائٹس کے سربراہ ڈاکٹر احمد شاعر اوغلو نے پاکستان کے حق میں دلیرانہ اور غیر متزلزل موقف اختیار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ آذربائیجان کسی بھی دباؤ کے آگے سر نہیں جھکائے گا، اور وہ ہر حال میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری بیان میں ڈاکٹر احمد شاعر اوغلو نے کہا کہ، “آذربائیجان کو بائیکاٹ اور سفری پابندیوں کی دھمکیاں دینے والے تاریخ کا مطالعہ کریں، ہم ایک ایسی قوم ہیں جس نے آزادی کی خاطر جنگیں لڑی ہیں، قربانیاں دی ہیں، اور ہمیں جھکانے والے آج تاریخ کے صفحات میں گم ہو چکے ہیں۔”
بھارتی دباؤ مسترد، پاکستان سے اظہار یکجہتی
ڈاکٹر اوغلو کا کہنا تھا کہ آذربائیجان پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے کیونکہ یہ صرف دو ممالک کی دوستی نہیں، بلکہ دو بھائیوں کے درمیان قائم ایک گہرا رشتہ ہے۔ ان کا کہنا تھا، “ہماری دوستی کاروبار یا وقتی مفاد پر مبنی نہیں بلکہ اصولوں، اخلاص اور باہمی احترام پر مبنی ہے۔ ہم کسی ذاتی فائدے کے لیے کبھی اپنے بھائی کو دھوکا نہیں دے سکتے۔”
انہوں نے بھارتی ٹورازم کمپنیوں کی جانب سے آذربائیجان کے بائیکاٹ کے اعلان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا، “ہمیں یہ قبول ہے کہ کچھ سیاح کم آئیں گے، چاول کی برآمدات متاثر ہوں گی، لیکن اگر ہم پاکستان جیسے دوست کا ساتھ نہ دیتے، تو کل ہم اپنی ہی نظروں کا سامنا نہ کر پاتے۔”
“ہر بائیکاٹ ہمیں اور مضبوط بناتا ہے”
ڈاکٹر اوغلو نے اپنے بیان میں مزید کہا، “ہمیں بائیکاٹ کی دھمکیوں سے مرعوب نہیں کیا جا سکتا، بلکہ ہر ایسی کوشش ہمیں اپنی اقدار پر مزید یقین دلاتی ہے۔ ہم صرف اپنی معیشت کا نہیں بلکہ اپنی خودداری اور سیاسی آزادی کا بھی دفاع کرنا جانتے ہیں۔ آذربائیجان کا موقف واضح ہے: ہم اپنے بھائی پاکستان کے ساتھ ہیں اور رہیں گے۔”
آذربائیجان کی عوامی اور ریاستی سطح پر حمایت
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات روز بروز مضبوط ہو رہے ہیں۔ دونوں ممالک نے دفاع، توانائی، سیاحت، اور ثقافتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر کام کیا ہے۔ آذربائیجان نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کی بین الاقوامی سطح پر حمایت کی ہے، جبکہ پاکستان نے نگورنو کاراباخ کے مسئلے پر آذربائیجان کی مکمل تائید کی ہے۔
پاکستانی عوام کی جانب سے اظہار تشکر
ڈاکٹر اوغلو کے اس جراتمندانہ اور دلیرانہ بیان پر پاکستانی عوام اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھرپور شکریہ اور محبت کا اظہار کیا گیا ہے۔ مختلف پلیٹ فارمز پر آذربائیجان کے حق میں ٹرینڈز چلائے جا رہے ہیں، جن میں "ThankYouAzerbaijan” اور "ZindabadAzerbaijan” جیسے ہیش ٹیگ سرفہرست ہیں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button