
پنجاب پولیس کا محرم الحرام سے قبل سوشل میڈیا پر کریک ڈاؤن، نفرت انگیز مواد اپ لوڈ کرنے پر 9 مقدمات درج، 10 افراد گرفتار
سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت، اشتعال انگیزی اور فرقہ واریت پھیلانے والے کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں
(سید عاطف ندیم-پاکستان): محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے پنجاب پولیس نے سوشل میڈیا پر نفرت انگیز، اشتعال انگیز اور فرقہ وارانہ مواد کی تشہیر کے خلاف مؤثر کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد اپ لوڈ کرنے کے جرم میں 9 مقدمات درج کیے گئے، جبکہ مختلف اضلاع سے 10 قانون شکن افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ فیس بک پر قابل اعتراض مواد اپ لوڈ کرنے پر 8 افراد کو حراست میں لیا گیا، جبکہ واٹس ایپ کے ذریعے نفرت آمیز پیغامات پھیلانے پر مزید 2 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتاریاں سرگودھا، ساہیوال اور لودھراں سے دو، دو افراد جبکہ بھکر، خانیوال، راجن پور اور لیہ سے ایک، ایک شخص کی ہوئیں۔
اس حوالے سے انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے اپنے بیان میں کہا کہ سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت، اشتعال انگیزی اور فرقہ واریت پھیلانے والے کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب پولیس ایسے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کر رہی ہے اور سوشل میڈیا پر نفرت انگیز اور قابل اعتراض مواد پھیلانے والوں کی سرکوبی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے مقدس ایام کے دوران فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور پرامن فضا کے قیام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور اس ضمن میں سوشل میڈیا پر مسلسل نگرانی اور قانون شکن عناصر کے خلاف فوری ایکشن پولیس کی اولین ترجیح ہے۔



