
سوڈان میں نیم فوجی ملیشیا کے حملے میں کم از کم چالیس افراد ہلاک
تقریباً چار لاکھ 50 ہزار بے گھر افراد کو پناہ دینے والا ابو شوق کیمپ جنگ کے دوران بارہا حملوں کا نشانہ بن چکا ہے
افریقی ملک سوڈان میں نیم فوجی دستوں پر مشتمل ملیشیا ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) نے شمالی دارفور کے صوبائی دارالحکومت الفاشر کے باہر قحط زدہ اور بے گھر افراد کے ابو شوق نامی کیمپ پر حملہ کر کے 40 افراد کو ہلاک کر دیا۔
انسانی حقوق کے لیے سرگرم مقامی گروپوں نے کہا کہ یہ حملہ پیر کے روز کیا گیا۔ ایمرجنسی ریسپانس رومز نامی گروپ، جو سوڈان بھر میں امدادی کام کرتا ہے، نے فیس بک پر جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ آر ایس ایف، جو سوڈانی فوج کے خلاف برسرپیکار ہے، کے مسلح ارکان نے اس کیمپ کے بعض حصوں پر چھاپہ مارا اور عارضی قیام گاہوں میں موجود شہریوں کو نشانہ بنایا۔ اس گروپ کے مطابق کم از کم 19 افراد زخمی بھی ہوئے۔

تقریباً چار لاکھ 50 ہزار بے گھر افراد کو پناہ دینے والا ابو شوق کیمپ جنگ کے دوران بارہا حملوں کا نشانہ بن چکا ہے۔ الفاشر شہر پر فوج کا کنٹرول ہے لیکن آر ایس ایف وقفے وقفے سے وہاں حملے کرتی رہی ہے۔
ادھر الفاشر کی مزاحمتی کمیٹیوں نے بھی ان حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے فیس بک پر کہا کہ یہ منظرنامہ ’’بے گناہ اور نہتے عوام کے خلاف کیے جانے والے ہولناک مظالم کی عکاسی کرتا ہے۔‘‘ یہ کمیٹیاں مقامی شہریوں پر مشتمل ہیں، جن میں انسانی حقوق کے کارکن بھی شامل ہیں۔
ییل یونیورسٹی کی ہیومینیٹیرین ریسرچ لیب نے سیٹلائٹ تصاویر جاری کی ہیں، جن میں پیر کے روز ابو شوق کیمپ میں 40 گاڑیوں کی موجودگی دیکھی جا سکتی ہے۔



