
پنجاب پولیس کے غازیوں اور شہداء کے اہلخانہ کی میو اسپتال آمد، زخمی اہلکاروں کی عیادت
"پنجاب پولیس کے یہ جوان ہماری حقیقی ہیروز ہیں، جنہوں نے پیشہ ورانہ فرض شناسی اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈالا، تاکہ عوام کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔"
لاہور (نمائندہ خصوصی): پنجاب پولیس کے غازیوں، شہداء کے اہلخانہ، سٹوڈنٹس اور والنٹئیرز پر مشتمل ایک وفد نے لاہور کے میو اسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے حالیہ پُرتشدد واقعات میں زخمی ہونے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کی عیادت کی۔ وفد نے زخمیوں کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے، ان کی بہادری کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی جلد صحتیابی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
میو اسپتال میں اس وقت اے ایس آئی محمد سلیم، کانسٹیبل محسن علی اور کانسٹیبل مجاہد انجم زیر علاج ہیں، جو گزشتہ دنوں مذہبی سیاسی جماعت کے شرپسند عناصر کی جانب سے کیے گئے تشدد اور فائرنگ کے واقعات میں زخمی ہوئے۔ یہ تمام پولیس اہلکار اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے میدان میں ڈٹے رہے۔
اس موقع پر ایس پی ہیڈ کوارٹرز منزہ کرامت نے کہا کہ "پنجاب پولیس کے یہ جوان ہماری حقیقی ہیروز ہیں، جنہوں نے پیشہ ورانہ فرض شناسی اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈالا، تاکہ عوام کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ "پولیس افسران و جوانوں کا جذبہ قربانی اور وفاداری ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے، اور پنجاب پولیس کی طاقت انہی بہادر سپوتوں کے عزم اور حوصلے سے ہے۔”
اس موقع پر موجود دیگر افسران نے بھی زخمی اہلکاروں کے حوصلے کو سراہا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ پنجاب پولیس ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ وفد کے ارکان نے بھی زخمی جوانوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور انہیں یقین دلایا کہ قوم ان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق، عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے، اور حالیہ واقعات کے دوران جس عزم اور حوصلے سے پولیس نے فرائض سرانجام دیے، وہ قابل فخر ہے۔