وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہےکہ نیب آرڈیننس میں ترمیم ضرور ہوگی اور یہ آرڈیننس این آراو نہیں ہے۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ نیب آرڈیننس میں ترمیم کیوں نہیں ہوگی؟ یہ آرڈیننس اس طرف لے جانے کی کوشش ہے جس مقصد کیلئے نیب بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ آرڈیننس کوئی این آراو نہیں ہے، ساری قوم میں پریشانی ہے کہ کیس چلتے رہتے ہیں انجام کو نہیں پہنچتے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے اور اینٹی کرپشن جیسے ادارے تو پہلے بھی تھے، پہلے یہ تمام ادارے حکومت کے ماتحت تھے جب کہ نیب اس لیے بنا تھاکہ ایک آزاد ادارہ ہو جو حکومت پرچیک اینڈ بیلنس رکھ سکے۔