
نارووال میں سینئر پاسٹر انور فضل کی زیر قیادت ایک روزہ دعائیہ تقریب — وفاقی وزیر احسن اقبال اور صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ کی خصوصی شرکت
انہوں نے ملک کی خوشحالی، ریاستی اداروں کے استحکام اور پاک فوج کی کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز کے ساتھ
نارووال (16 نومبر) — عیسیٰ نگری نارووال میں سینئر پاسٹر انور فضل کی قیادت میں ایک روزہ روحانی، پُرامن اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے والی دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک و قوم کی سلامتی، استحکام، ترقی اور امن کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
تقریب میں وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ احسن اقبال نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ، پاسٹر ندا انور، مسلم لیگ ن کی مقامی قیادت اور مسیحی کمیونٹی کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
سینئر پاسٹر انور فضل کا خطاب
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر پاسٹر انور فضل نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور مضبوطی کا راستہ قومی یکجہتی اور مذہبی ہم آہنگی سے ہو کر گزرتا ہے۔
انہوں نے ملک کی خوشحالی، ریاستی اداروں کے استحکام اور پاک فوج کی کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
اسلام آباد کچہری کے باہر حالیہ دہشت گرد حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے انہوں نے شہداء کے اہلخانوں کے لیے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
پاسٹر انور فضل نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کراتے ہوئے ان کی عوامی خدمات کو سراہا۔
وفاقی وزیر احسن اقبال کا اظہارِ خیال
وفاقی وزیر احسن اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مضبوطی کا راز قومی اتحاد، بین المذاہب ہم آہنگی اور قانون کی بالادستی میں ہے۔
ان کا کہنا تھا:
"پاکستان میں تمام مذہبی اقلیتیں برابر کی شہری ہیں اور آئینِ پاکستان مکمل مذہبی آزادی اور مساوی حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن نے قائداعظم محمد علی جناح کے اس وژن کو ہمیشہ مقدم رکھا ہے کہ پاکستان میں ہر شہری کو اپنے عقیدے کے مطابق عبادت کی مکمل آزادی حاصل ہو۔
احسن اقبال نے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری کے تاریخی کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ:
"مسیحی کمیونٹی نے تعلیم، صحت، دفاع اور انسانی خدمت کے ہر میدان میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔”
دہشت گردی کے حالیہ واقعات پر اظہارِ مذمت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ضرور ہے مگر کوئی اسے کمزوری نہ سمجھے۔
انہوں نے کہا کہ:
"دشمنانِ پاکستان کو پیغام ہے کہ وطنِ عزیز کی طرف میلی آنکھ ڈالنے والوں کو عبرت کا نشان بنا دیا جائے گا۔ ہمارے شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔”
صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ کا خطاب
صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ پنجاب حکومت اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود، حقوق کے تحفظ اور مذہبی آزادی کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے اس نوعیت کی تقریبات کو معاشرتی ہم آہنگی اور قومی وحدت کے فروغ کے لیے نہایت موثر قرار دیا۔
پاسٹر ندا انور کی دعا
پاسٹر ندا انور نے ملک میں امن، استحکام، خوشحالی اور قوم کی کامیابی کے لیے خصوصی اجتماعی دعا کرائی۔
آئزک ٹی وی کی روزگار اسکیم
تقریب کے اختتام پر آئزک ٹی وی کی جانب سے روزگار اسکیم کے تحت قرعہ اندازی کا انعقاد کیا گیا، جس میں بے روزگار نوجوانوں کو قرضہ اور موٹر سائیکلیں فراہم کی گئیں۔ اس اقدام کو حاضرین نے بے روزگار نوجوانوں کے لیے امید کی نئی کرن قرار دیا۔



