
غزہ پٹی میں جاری فائر بندی کے دوران ہلاکت خیز اسرائیلی فضائی حملے، 33 فلسطینی ہلاک
مختلف ہسپتالوں کے ذرائع نے بتایا کہ اسرائیل کی طرف سے کیے گئے یہ تازہ فضائی حملے اتنے شدید تھے کہ وہ فائر بندی کے آغاز سے اب تک وہاں اسرائیل کی طرف سے کی گئی سب سے ہلاکت خیز عسکری کارروائیوں میں سے ایک تھے۔
غزہ پٹی میں فائر بندی کے دوران جمعرات 20 نومبر کے روز بڑے اسرائیلی فضائی حملوں میں طبی حکام کے مطابق درجنوں فلسطینی ہلاک ہو گئے۔ رپورٹوں کے مطابق ان حملوں میں اس فلسطینی علاقے میں قریب 12 گھنٹوں میں 33 فلسطینی مارے گئے۔
غزہ پٹی کے شہر دیر البلح سے موصولہ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ جنوبی شہر خان یونس میں جمعرات کی صبح سویرے کیے گئے دو اسرائیلی فضائی حملوں میں پانچ افراد مارے گئے۔ جنگ سے تباہ شدہ اس ساحلی پٹی میں مختلف ہسپتالوں کے ذرائع نے بتایا کہ اسرائیل کی طرف سے کیے گئے یہ تازہ فضائی حملے اتنے شدید تھے کہ وہ فائر بندی کے آغاز سے اب تک وہاں اسرائیل کی طرف سے کی گئی سب سے ہلاکت خیز عسکری کارروائیوں میں سے ایک تھے۔

امریکہ کی قیادت میں کی جانے والی بین الاقوامی ثالثی کوششوں کے نتیجے میں غزہ کی جنگ میں اسرائیل اور حماس کے مابین طے پانے والی موجودہ فائر بندی 10 اکتوبر سے نافذ العمل ہوئی تھی۔ اس دوران اب تک ایسا بہت ہی کم دیکھنے میں آیا تھا کہ صرف قریب 12 گھنٹوں میں اس فلسطینی علاقے کے مختلف حصوں میں اسرائیل نے اتنے زیادہ فضائی حملے کیے ہوں کہ ان میں 33 افراد ہلاک ہو جائیں۔
سیز فائر معاہدے کے تاحال نافذ ہونے کے باوجود اسرائیل اور حماس کے مابین یہ نئی کشیدگی ایسے وقت پر دیکھنے میں آئی، جب اسرائیل کی طرف سے یہ کہا گیا کہ کل بدھ کے روز خان یونس میں اس کے فوجیوں پر پھر فائرنگ کی گئی تھی۔

اسرائیلی ذرائع کے مطابق اس فائرنگ میں کوئی اسرائیلی فوجی ہلاک نہیں ہوا تھا مگر جمعرات کو جو نئے فضائی حملے کیے گئے، وہ اسی فائرنگ کا ردعمل تھے۔
خان یونس میں ناصر ہسپتال کے اہلکاروں نے بتایا کہ تازہ اسرائیلی حملوں میں مارے جانے والے 17 ایسے افراد کی لاشیں اس ہسپتال میں لائی گئیں، جن میں پانچ خواتین اور پانچ بچے بھی شامل تھے۔
اسی دوران حماس کے زیر انتظام کام کرنے والی غزہ پٹی کی وزارت صحت کی طرف سے بتایا گیا کہ تازہ فضائی حملوں میں ایسے خیموں کو نشانہ بنایا گیا، جہاں جنگ کی وجہ سے بے گھر ہو جانے والے فلسطینی خاندان مقیم تھے۔

دریں اثناء غزہ پٹی کے سب سے بڑے شہر غزہ سٹی میں بھی ایک عمارت پر اسرائیل نے دو فضائی حملے کیے، جن کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک ہو گئے۔ ان ہلاک شدگان میں سات بچے اور تین خواتین بھی شامل تھیں۔
غزہ سٹی میں ان 16 فلسطینیوں کی ہلاکت کی تصدیق اس شہر کے شمالی حصے میں واقع اس الشفاء ہسپتال کی انتظامیہ نے بھی کر دی ہے، جہاں ان ہلاک شدگان کی لاشیں لائی گئیں۔
مختلف نیوز ایجنسیوں کے مطابق فلسطینی عسکریت پسند تنظیم حماس نے ان تازہ فضائی حملوں میں درجنوں ہلاکتوں کو ’’اندھا دھند قتل‘‘ قرار دیتے ہوئے ان کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اس کے جنگجوؤں نے اسرائیلی فوجیوں پر کوئی فائرنگ نہیں کی تھی۔



