پاکستان پریس ریلیزتازہ ترین

صوبائی وزیر توانائی ملک فیصل ایوب کھوکھر کی زیر صدارت محکمہ توانائی کا پہلا اجلاس

صوبائی وزیر کو محکمہ کی مجموعی کارکردگی، جاری منصوبوں اور مستقبل کی حکمتِ عملی بارے بریف کیا گیا

لاہور نمائندہ خصوصی: صوبائی وزیر توانائی ملک فیصل ایوب کھوکھر کی زیر صدارت محکمہ توانائی پنجاب کا پہلا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمہ کی مجموعی کارکردگی، جاری منصوبوں اور مستقبل کی حکمتِ عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیکرٹری توانائی فرخ نوید، ایڈیشنل سیکرٹرییز، مختلف کمپنیوں کے مینیجنگ ڈائریکٹرز اور سی ای اوز نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے دوران سیکرٹری توانائی نے محکمہ کی 2011 سے 2023 تک کی کارکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب نے گزشتہ برسوں میں توانائی کے شعبے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ اجلاس کو سولر، ہائیڈرو، بائیو گیس، ونڈ اور ویسٹ ٹو انرجی منصوبوں میں ہونے والی پیش رفت پر بھی آگاہ کیا گیا۔ سیکرٹری توانائی نے بتایا کہ تھرمل، ہائیڈل اور بائیو گیس پاور پلانٹس پر تیزی سے کام جاری ہے۔ مرالہ میں، چھیانوالی اور پاک پتن میں جاری پلانٹس فعال ہیں جبکہ چھوٹے ہائیڈرو پاور پراجیکٹس تکمیل کے قریب ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب پاور ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ ، پنجاب تھرمل پاور لمٹیڈ ، پنجاب پاور ڈیولپمنٹ بورڈ، قائد اعظم سولر پاور لمٹیڈ وغیرہ بارے بھی بریف کیا گیا۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب فری سولر پینل اسکیم کے تحت اب تک 55 ہزار سولر پینلز نصب کیے جا چکے ہیں۔ مزید یہ کہ 14,450 سرکاری ادارے کامیابی سے سولرائز کیے جا چکے ہیں۔ سیکرٹری توانائی نے بتایا کہ پانچ بڑی کمپنیوں کی ویسٹ ٹو انرجی پری کوالیفیکیشن مکمل ہو چکی ہے جبکہ پہلے ویسٹ ٹو انرجی پلانٹ کی پری کوالیفیکیشن رپورٹ کابینہ کو ارسال کر دی گئی ہے۔ شمسی، ہوا اور ہائیڈل توانائی کے مزید منصوبوں پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب اس وقت ملک کی 41 فیصد بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جو صوبے کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر توانائی ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ قابلِ اعتماد، سستی اور مقامی توانائی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے جبکہ پائیدار توانائی کے لیے شفافیت اور مؤثر منصوبہ بندی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ "توانائی جیسا اہم منصب ملنے پر میں وزیراعلیٰ پنجاب کا شکر گزار ہوں اور امید کرتا ہوں کہ بہترین ٹیم ورک کے ذریعے ہم صوبے کو توانائی کے شعبے میں خود کفالت کے راستے پر آگے بڑھائیں گے۔ صوبائی وزیر نے محکمہ توانائی کے جاری اور مستقبل کے منصوبوں پر مزید پیش رفت کے لیے ہدایات جاری کرتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں کو مقررہ اہداف جلد مکمل کرنے کی تاکید کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری ماجد اقبال، ایڈیشنل سیکرٹری ڈیویلپمنٹ شاہد فاروق ، مینیجنگ ڈائریکٹر پنجاب پاور ڈیولپمنٹ بورڈ ثانیہ اویس ، سی ای او پنجاب پاور ڈیولپمنٹ کمپنی عدنان مدثر ، سی ای او پنجاب تھرمل پاور پلانٹ سلمان زکریا ، سی ای او قائد اعظم پاور پلانٹ محمد بدر المنیر ، ایم ڈی پنجاب انرجی ایفی شنسی اینڈ کنزرویشن ایجنسی عبد الرحمان اور دیگر متعلقہ افراد موجود تھے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button