
جرمن زبان کا سال 2025ء کا بدترین لفظ ’زونڈرفیرموئگن،‘ جیوری
جرمن زبان میں یہ ایک لفظ ہے، مگر اس کا انگریزی میں ترجمہ ایک دولفظی اصطلاح کے طور پر کیا جا سکتا ہے، جسے 'اسپیشل فنڈ‘ بھی کہا جا سکتا ہے۔
ڈی پی اے کے ساتھ
جرمن زبان میں یہ ایک لفظ ہے، مگر اس کا انگریزی میں ترجمہ ایک دولفظی اصطلاح کے طور پر کیا جا سکتا ہے، جسے ‘اسپیشل فنڈ‘ بھی کہا جا سکتا ہے۔
اس لفظ کو یہ منفی اعزاز اس لیے دیا گیا کہ اسے جرمنی میں گزشتہ برس بار بار لیکن اس طرح استعمال کیا جاتا رہا کہ عوام کے لیے اس کے سمجھے گئے معنی حقیقت سے دور اور غلط فہمیاں پیدا کرنے والے نکلتے رہے۔ ماہرین کی جیوری کے مطابق ”غلط راہ پر ڈالنے والے معنی‘‘ کے ساتھ اس لفظ کا سب سے زیادہ استعمال گزشتہ برس برلن میں وفاقی حکومت اور بڑی سیاسی جماعتوں نے کیا۔

’اسپشل فنڈ‘ کی اصطلاح کے استعمال کا پس منظر
ماربرگ یونیورسٹی کی جیوری کے مطابق گزشتہ برس وفاقی جرمن حکومت نے اس لفظ کو بہت زیادہ استعمال اپنے ان اردوں کو عملی رنگ دیتے وقت کیا، جب جرمن ریاست کے لیے قرضوں کی حد میں آئینی تقاضوں کے مطابق نرمی کی جا رہی تھی اور بہت کم شرح نمو والی جرمن معیشت میں گرم بازاری کی خاطر سینکڑوں ارب یورو کی ان رقوم کو خرچ کرنے کے طریقے طے کیے جا رہے تھے، جو دراصل نئے ریاستی قرضوں کے طور پر حاصل کی جا رہی تھیں۔
ماہرین کا اعتراض یہ رہا کہ ریاستی قرضوں کی آئین میں طے شدہ حد بڑھا کر سینکڑوں بلین یورو کے نئے قرضے لے کر جو رقوم حاصل کی جا رہی تھیں، وہ تھے تو نئے ریاستی قرضے ہی، تو ان کے حوالے سے جرمن زبان میں Sondervermögen، انگریزی میں ‘اسپیشل فنڈ‘ یا اردو میں ‘خصوصی املاک‘ کی اصطلاح منطقی طور پر غلط اور بےجا ہی تھی۔

لغوی اور غلط سمجھے گئے معنی کے مابین خلیج
اسی لیے اس لفظ کے لغوی معنی اور اس کے سیاسی تقریروں میں غلط فہمی کا باعث بننے والے استعمال کے مابین خلیج کے سبب اس لفظ کو 2025ء کا جرمن زبان کا ‘سب سے برا‘ لفظ قرار دیا گیا۔
ماربرگ یونیورسٹی کے ماہرین کی جو غیر جانبدار اور صنفی طور پر متوازن جیوری ہر سال جرمن زبان میں استعمال ہونے والے ‘سب سے برے لفظ‘ کا چناؤ کرتی ہے، وہ چھ ارکان پر مشتمل ہوتی ہے۔
ان میں سے چار ماہرین لسانیات ہوتے ہیں اور پانچواں ایک صحافی جبکہ جیوری کے چھٹے رکن کا انتخاب ہر سال بدل بدل کر کیا جاتا ہے۔



