پاکستان پریس ریلیزاہم خبریں

نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا افتتاح فروری کے پہلے ہفتے میں ہوگا، ذیشان عاشق ملک

سرگودھا میں بڑے ترقیاتی منصوبے وزیراعلیٰ پنجاب کا تحفہ قرار، کمشنر آفس میں اعلیٰ سطحی اجلاس

قاسم بخاری-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز کے ساتھ
سرگودھا: وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے سیاسی امور ذیشان عاشق ملک نے کہا ہے کہ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا باقاعدہ افتتاح فروری کے پہلے ہفتے میں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ سمیت سرگودھا میں جاری تمام بڑے ترقیاتی منصوبے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے عوام کے لیے ایک قیمتی تحفہ ہیں، جن کا مقصد جدید طبی سہولیات اور بہتر بنیادی ڈھانچے کی فراہمی ہے۔

ذیشان عاشق ملک نے یہ بات صوبائی وزیر مواصلات ملک صہیب احمد برتھ کے ہمراہ کمشنر آفس سرگودھا میں منعقدہ ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے افتتاحی انتظامات اور سرگودھا میں جاری و مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
مشیر وزیراعلیٰ نے کہا کہ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا اور گردونواح کے عوام کے لیے ایک سنگِ میل ثابت ہوگا، جہاں دل کے مریضوں کو جدید اور معیاری علاج مقامی سطح پر میسر آئے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف سرگودھا بلکہ خوشاب، میانوالی اور دیگر قریبی اضلاع کے مریضوں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر سرگودھا میں واسا (WASA) کا قیام بھی عمل میں لایا جا چکا ہے، جس کا مقصد شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی اور نکاسیٔ آب کے نظام کو بہتر بنانا ہے۔ شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ واسا کے قیام سے شہر کے دیرینہ مسائل حل ہونے کی راہ ہموار ہو گی۔
اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی مہم، ہسپتالوں کی بہتری، سڑکوں کی تعمیر و بحالی اور دیگر ترقیاتی منصوبے سرگودھا میں تیزی سے جاری ہیں۔ حکام کے مطابق مختلف ترقیاتی سکیموں پر کام تسلی بخش رفتار سے جاری ہے اور متعلقہ محکموں کو بروقت تکمیل کی ہدایات دی گئی ہیں۔
ذیشان عاشق ملک نے کہا کہ حکومت پنجاب عوامی فلاح کے منصوبوں کو ترجیح دے رہی ہے اور ترقیاتی کاموں میں شفافیت اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبوں کی نگرانی کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ عوام کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
اجلاس میں کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی، ریجنل پولیس آفیسر شہزاد آصف خان، ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صہیب اشرف نے بھی شرکت کی۔ اس کے علاوہ سرگودھا اور خوشاب کے ارکانِ پارلیمنٹ، مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ ہولڈرز اور پارٹی عہدیداران بھی اجلاس میں موجود تھے۔
شرکاء نے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے سرگودھا میں جاری ترقیاتی اقدامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان منصوبوں سے علاقے میں صحت، صفائی، انفراسٹرکچر اور مجموعی معیارِ زندگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button