
ایم-ون موٹروے پر پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کی ایک اور بڑی کارروائی، بھاری مقدار میں منشیات برآمد
صرف پانچ روز قبل بھی ایم-ون موٹروے پر اسی نوعیت کی ایک کارروائی کے دوران تقریباً 90 کروڑ روپے مالیت کی منشیات ضبط کی گئی تھیں
سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز،پنجاب نارکوٹس فورس کے ساتھ
پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس (CNF) نے صوبے میں منشیات کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران ایم-ون موٹروے پر ایک اور بڑی اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ ترجمان کے مطابق بریان چیک پوسٹ پر معمول کی چیکنگ کے دوران ایک مشکوک گاڑی کو روکا گیا، جس کی تلاشی لینے پر مجموعی طور پر 248 کلوگرام منشیات برآمد ہوئیں۔
برآمد شدہ منشیات میں 233 کلوگرام چرس اور 15 کلوگرام افیون شامل ہے، جو مختلف مقامات پر سپلائی کے لیے منتقل کی جا رہی تھیں۔ کارروائی کے دوران منشیات اسمگلنگ میں ملوث ملزم کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا، جبکہ منشیات کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق یہ کارروائی حالیہ دنوں میں منشیات کے خلاف کی جانے والی بڑی کارروائیوں کا تسلسل ہے۔ صرف پانچ روز قبل بھی ایم-ون موٹروے پر اسی نوعیت کی ایک کارروائی کے دوران تقریباً 90 کروڑ روپے مالیت کی منشیات ضبط کی گئی تھیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ موٹرویز کو منشیات اسمگلنگ کے لیے استعمال کرنے والے عناصر کے خلاف نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے تفتیش جاری ہے اور منشیات سے جڑے نیٹ ورک، سہولت کاروں اور دیگر ملوث عناصر تک پہنچنے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ حکام کو امید ہے کہ اس تفتیش کے نتیجے میں منشیات اسمگلنگ کے بڑے نیٹ ورک بے نقاب ہوں گے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ منشیات فروشوں اور اسمگلروں کے خلاف پنجاب کنٹرول آف نارکوٹکس سبسٹینسز ایکٹ 2025 کے تحت سخت قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ قانون کے مطابق منشیات کے کاروبار میں ملوث عناصر کے لیے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ صوبے سے منشیات کے مکمل خاتمے تک یہ کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی۔ فورس کا کہنا ہے کہ نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے محفوظ بنانا حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ منشیات کے خلاف اس قومی جدوجہد میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔






