
صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان کی چونیاں بار ایسوسی ایشن آمد
نومنتخب عہدیداران سے حلف، وکلاء کے مسائل کے حل کے لیے بڑے اعلانات
ڈاکٹر اصغر واہلہ-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز کے ساتھ
لاہور/چونیاں: صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان نے چونیاں بار ایسوسی ایشن کے سال 2026–2027 کے نومنتخب عہدیداران کی حلف برداری کی پروقار تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور کامیاب ہونے والے عہدیداران سے حلف لیا۔ صوبائی وزیر قانون کی آمد پر وکلاء برادری کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا جبکہ تقریب میں وکلاء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
حلف اٹھانے والے عہدیداران میں صدر مشتاق احمد خان دھینگل، جنرل سیکرٹری ملک عبدالغفار، نائب صدر رانا عدنان طور، فنانس سیکرٹری سردار بلال احمد ڈوگر، جوائنٹ سیکرٹری رانا محبوب عالم اور لائبریری سیکرٹری ٹی ایم ہاشمی شامل تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان نے وکلاء برادری کو درپیش مسائل کے حل اور سہولیات میں بہتری کے لیے اپنے بھرپور عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے چونیاں بار ایسوسی ایشن کے وکلاء دفاتر میں سہولیات کی فراہمی کے لیے اسسٹنٹ کمشنر چونیاں کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کیں، جن میں وکلاء دفاتر کے لیے ایئر کنڈیشنرز سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی شامل ہے۔
صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ وکلاء انصاف کی فراہمی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور حکومت وکلاء برادری کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے نومنتخب قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئی کابینہ بار کو مزید فعال اور مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
تقریب میں سابق رکن صوبائی اسمبلی شیخ علاؤالدین، سابق رکن قومی اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا محمد اسحاق خان، سینئر وکلاء، بار ممبران اور دیگر معزز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر سابق ایم پی اے شیخ علاؤالدین نے چونیاں بار ایسوسی ایشن کے لیے ذاتی حیثیت میں 20 لاکھ روپے فنڈ فراہم کرنے کا اعلان کیا، جبکہ سابق ایم این اے رانا محمد اسحاق خان نے وکلاء برادری کی فلاح و بہبود کے لیے 50 لاکھ روپے فنڈ دینے کا اعلان کیا۔
شرکاء نے وکلاء کے لیے کیے گئے ان اعلانات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ نئی قیادت وکلاء کے مسائل کے حل، فلاحی منصوبوں اور بار کی مجموعی ترقی کے لیے مؤثر اقدامات کرے گی۔




