پاکستاناہم خبریں

پی آئی اے کی عظمت رفتہ بحال ہوگی، عوام کو نہ صرف بہترین سفری سہولیات فراہم ہوں گی بلکہ پاکستان کا نام بھی بلند ہوگا،وزیراعظم محمد شہباز شریف

آج کی تقریب تاریخی اہمیت کی حامل ہے جس پر قوم کو مبارکباد دیتا ہوں، پی آئی اے کی نجکاری کا عمل شفاف انداز میں بخوبی انجام کو پہنچا,وزیراعظم

سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز کے ساتھ
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پی آئی اے کی نجکاری کا عمل شفاف انداز میں مکمل ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا ہےکہ نجکاری کے بعد پی آئی اے کی عظمت رفتہ بحال ہوگی اور عوام کو نہ صرف بہترین سفری سہولیات فراہم ہوں گی بلکہ پاکستان کا نام بھی بلند ہوگا۔ وہ جمعرات کو یہاں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی نجکاری کے حوالے سے حکومت اور عارف حبیب کنسورشیم کے مابین ٹرانزیکشن کی دستاویزات پر دستخط و تبادلے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیراعظم کے مشیر محمد علی سمیت اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی تقریب تاریخی اہمیت کی حامل ہے جس پر قوم کو مبارکباد دیتا ہوں، پی آئی اے کی نجکاری کا عمل شفاف انداز میں بخوبی انجام کو پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ عارف حبیب کنسورشیم کا ملکی صنعتی ترقی اور خوشحالی کے لئے کردار نمایاں ہے۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ نجکاری کے بعد پی آئی اے مسافروں کے لئے آرام دہ سفر، ان کے تحفظ اور وقار کو یقینی بنائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کا ہوا بازی کے شعبے میں اہم مقام تھا اور نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں پی آئی اے کا ڈنکا بجتا تھا اور ’’گریٹ پیپل ٹو فلائی ود‘‘ کا سلوگن پی آئی اے کی پہچان تھا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ پرامید ہیں کہ پی آئی اے کی عظمت رفتہ بحال ہوگی، سہولتوں کی بہتری سے ادارے کا معیار بھی بہتر ہوگا۔ انہوں نے نجکاری کے کامیاب عمل میں تمام شراکت داروں کی کوششوں پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نائب وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور حکومتی ٹیم نے اس سلسلے میں جو کردار ادا کیا وہ بے مثال ہے، نجکاری کے عمل میں بھرپور شرکت پر کنسورشیم کا کردار بھی لائق تحسین ہے۔ انہوں نے مشیر نجکاری محمد علی کے پرائیویٹائزیشن کے عمل میں اہم کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام چیلنجز پر قابو پاتے ہوئے انتہائی شفاف انداز میں نجکاری مکمل ہوئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ بولی کا سارا عمل براہ راست دکھایا گیا ، نجکاری کے بعد پی آئی اے پر سرمایہ کاری میں سے 55 ارب روپے قومی خزانے میں آئیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہیں کوئی شک نہیں کہ کنسورشیم کی محنت اور جذبے سے پاکستان کا وقار بلند ہوگا، عوام کو نہ صرف بہترین سفری سہولیات میسر آئیں گی بلکہ پاکستان کا نام بھی بلند ہوگا۔چیئرمین کنسورشیم عارف حبیب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ پاکستانی سرمایہ کاروں کو آگے آنے کا موقع فراہم کیا گیا، ہم نے قومی کاز کے لئے خود کو پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ 180ارب روپے کی سرمایہ کاری میں 125 ارب پی آئی اے کی بہتری پر خرچ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کاروبار کے لئے ماحول سازگار ہے، میکرو اکنامک استحکام کی بدولت سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، بوئنگ کمپنی کے ساتھ انتہائی مفید بات چیت ہوئی ہے، حکومتی سرپرستی سے سرمایہ کار مزید بہتر کام کر سکیں گے، خدمات میں بہتری، سٹاف کی بہبود اور ٹیکس آمدن میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ حکومت اور عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے اور دن رات محنت سے پی آئی اے کی عظمت رفتہ بحال کریں گے۔ وزیراعظم کے مشیر نجکاری محمد علی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دستخط کی تقریب ایک تاریخی حیثیت رکھتی ہے، یہ تقریب اصلاحات کے عمل میں موجودہ حکومت کے لئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے،کنسورشیم 180 ارب روپے کی سرمایہ کاری کرے گا، رقم کا 125 ارب پی آئی اے کی استعداد کار میں اضافے پر خرچ ہوگا جبکہ 55 ارب روپے حکومتی خزانے میں جمع ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری اس بات کا ثبوت ہے کہ سرمایہ کار ملک میں سرمایہ کاری کے لئے پرعزم ہیں۔قبل ازیں تقریب میں حکومتی اور کنسورشیم کے نمائندوں کی جانب سے نجکاری کی دستاویزات پر دستخط کئے گئے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button