پاکستان پریس ریلیزاہم خبریں

سال 2026 کو وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے “نوجوانوں کا سال” قرار دینے کا اعلان

نوجوان ملک کا مستقبل ہیں، ان کی فلاح و ترقی حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے: عدنان افضل چٹھہ

سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز، قاسم بخاری ریڈیو پاکستان کے ساتھ
چیئرپرسن وزیراعلیٰ پنجاب ٹاسک فورس برائے اسکل ڈویلپمنٹ عدنان افضل چٹھہ نے کہا ہے کہ نوجوان کسی بھی قوم کا سب سے قیمتی سرمایہ اور ملک کا روشن مستقبل ہوتے ہیں، اور اگر نوجوانوں کی صلاحیتوں اور توانائی کو درست سمت میں بروئے کار لایا جائے تو پاکستان ترقی اور خوشحالی کی نئی منازل طے کر سکتا ہے۔
ریڈیو پاکستان کے نمائندے قاسم بخاری کو ایک خصوصی انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے عدنان افضل چٹھہ نے کہا کہ پنجاب حکومت نوجوانوں کی فلاح و بہبود، تعلیم، ہنرمندی اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے متعدد عملی اور جامع اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے سال 2026 کو باضابطہ طور پر “نوجوانوں کا سال” قرار دیا ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو قومی ترقی کے عمل میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی مجموعی آبادی کا تقریباً 65 فیصد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، جو ایک طرف ایک بڑا چیلنج ہے تو دوسری جانب ترقی کے بے پناہ مواقع بھی فراہم کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر اس نوجوان آبادی کو معیاری تعلیم، جدید مہارتوں اور روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں تو ملک کو تیزی سے ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومتِ پنجاب نوجوانوں کے حوالے سے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے، جو مستقبل میں مثبت نتائج دیں گے۔
عدنان افضل چٹھہ نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کی روشنی میں وزیراعلیٰ پنجاب نے ریاستی وسائل کا رخ نوجوانوں کی ترقی اور بااختیاری کی جانب موڑ دیا ہے۔ اس مقصد کے لیے طلبہ کو تعلیمی معاونت فراہم کرنے، جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے اور اعلیٰ تعلیم کے مواقع بڑھانے کے لیے لیپ ٹاپ اسکیم اور ہونہار اسکالرشپس جیسے پروگرامز کامیابی سے جاری ہیں، جن سے لاکھوں طلبہ مستفید ہو رہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت صوبے میں اسکلز ڈویلپمنٹ اینڈ انٹرپرینیورشپ ڈیپارٹمنٹ قائم کیا گیا ہے، تاکہ نوجوانوں میں فنی اور پیشہ ورانہ مہارتوں کو فروغ دیا جا سکے اور انہیں باعزت روزگار کے قابل بنایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس شعبے کو حکومت کی ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے اور اس کے تحت پنجاب بھر میں ٹیوٹا (TEVTA) کے 380 ادارے نوجوانوں کو مختلف شعبہ جات میں فنی اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کر رہے ہیں۔
عدنان افضل چٹھہ نے کہا کہ پنجاب اسکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے ذریعے نجی شعبے کے اشتراک سے خصوصی مہارتوں پر مبنی پروگرامز جاری ہیں، جن کا بنیادی مقصد نوجوانوں کی اسکل ڈویلپمنٹ، ملکی و بین الاقوامی سطح پر روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور صوبے میں کاروباری و انٹرپرینیورشپ کلچر کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان پروگرامز کے ذریعے نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تربیت دی جا رہی ہے، تاکہ وہ عملی میدان میں کامیابی حاصل کر سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کے اشتراک سے نوجوانوں کو کاروباری منصوبے تیار کرنے میں مکمل معاونت فراہم کرے گی۔ اس اقدام کا مقصد سولو انٹرپرینیورز، نئے کاروباری افراد اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) کے فروغ کی حوصلہ افزائی کرنا ہے، تاکہ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں اور معیشت مستحکم ہو۔
آخر میں عدنان افضل چٹھہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومتِ پنجاب نوجوانوں کو بااختیار بنانے، انہیں جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے اور ایک روشن مستقبل فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی، تاکہ نوجوان ملک و قوم کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button