اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ ریحام خان کا جھوٹا ہونا ایک بار پھر ثابت ہوا، دراصل وہ عادی جھوٹی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ برطانوی عدالتوں نے ریحام خان کو زلفی بخاری پر جھوٹے الزامات پر ہرجانے اور معافی مانگنے کا حکم دیا، اس طرح کا قانونی نظام پاکستان میں لانے کی کوشش کو آزادی اظہار کے خلاف کہہ کر میڈیا مالکان مہم شروع کر دیتے ہیں۔
اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ بہرحال ریحام خان کا جھوٹا ہونا ایک بار پھر ثابت ہوا، دراصل وہ عادی جھوٹی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے اپنے ٹویٹ میں ریحام خان کے اس ٹویٹ کا بھی حوالہ دیا جس میں ریحام خان نے زلفی بخاری پر لگائے جانے والے الزامات پر معافی نامہ شیئر کیا۔
اپنے معافی نامہ میں ریحام خان نے کہا کہ میں نے 6 اور 7 دسمبر 2019ءکو اپنے یوٹیوب چینل، فیس بک پیج اور اپنے ٹویٹر اکائونٹ پر ذوالفقار عباس بخاری پر روز ویلٹ ہوٹل کو کم قیمت پر فروخت کرنے کے حوالے سے الزامات عائد کئے جو غلط اور جھوٹے تھے۔
ریحام خان نے اپنے ٹویٹ میں 7 دسمبر 2019، 15 مارچ 2020، 17 مارچ 2020ءاور 23 مارچ 2020ءکو زلفی بخاری پر لگائے جانے والے الزامات پر بھی کہا کہ یہ الزامات غلط اور جھوٹے تھے۔
انہوں نے زلفی بخاری پر لگائے گئے الزامات پر غیر مشروط معافی مانگی اور ہتک عزت اور قانونی اخراجات کی مد میں رقم ادا کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔