
اسلام آباد: اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے نے پاکستان میں حالیہ دہشت گردانہ حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ان واقعات کو انسانیت کے خلاف سنگین جرائم قرار دیا ہے، جن میں متعدد بے گناہ شہریوں کے ساتھ ساتھ بہادر سیکیورٹی اہلکاروں اور سپاہیوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔
پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ ایک باضابطہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت اور عوام حکومتِ پاکستان، پاکستانی عوام اور بالخصوص ان سوگوار خاندانوں کے ساتھ دلی یکجہتی اور گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں جنہوں نے ان المناک واقعات میں اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ایران پاکستانی قوم کے غم میں برابر کا شریک ہے۔
ایرانی سفارت خانے کے بیان میں واضح کیا گیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اصولی طور پر ہر قسم کی دہشت گردی کی بغیر کسی ابہام کے سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ دہشت گردی نہ صرف کسی ایک ملک بلکہ پوری عالمی برادری کے لیے ایک سنگین خطرہ اور باعثِ تشویش ہے، جو امن، استحکام اور انسانی اقدار کو شدید نقصان پہنچاتی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اس قسم کی گھناؤنی اور انسان دشمن کارروائیاں اکثر بیرونی عناصر اور ناپاک قوتوں کی حمایت سے انجام دی جاتی ہیں، جن کا مقابلہ صرف اجتماعی، علاقائی اور بین الاقوامی تعاون کے ذریعے ہی مؤثر انداز میں کیا جا سکتا ہے۔ ایران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان سمیت خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے نے شہداء کے لواحقین سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیالات اور دعائیں ان خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے عزیزوں کی قربانی دی۔ بیان میں زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا گیا۔
آخر میں ایرانی سفارت خانے نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور سوگوار خاندانوں کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ اور صبر عطا فرمائے۔ بیان میں اس امید کا اظہار بھی کیا گیا کہ پاکستان میں امن و استحکام جلد بحال ہوگا اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششیں بارآور ثابت ہوں گی۔



