پاکستان پریس ریلیزاہم خبریں

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا مریم نواز اسکول اینڈ ریسورس سینٹر فار آٹزم کی افتتاحی تقریب سے خطاب

آٹزم اسکول محض تعلیمی ادارہ نہیں، ایک سماجی انقلاب اور امید کا مرکز ہے، مریم نواز شریف

انصار ذاہد-پاکستان،پنجاب گورنمنٹ کے ساتھ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ مریم نواز اسکول اینڈ ریسورس سینٹر فار آٹزم صرف ایک اسکول نہیں بلکہ ایک ایسا سماجی انقلاب ہے جو آٹسٹک بچوں اور ان کے والدین کے لیے امید، اعتماد اور خود مختاری کی نئی راہیں کھولے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال قبل یہاں صرف خالی زمین تھی اور آج اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان کا پہلا سرکاری آٹزم سینٹر قائم ہو چکا ہے، جسے دیکھ کر دل خوشی اور شکر کے جذبات سے بھر گیا ہے۔

وہ مریم نواز اسکول اینڈ ریسورس سینٹر فار آٹزم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔


عالمی معیار کا پہلا سرکاری آٹزم سینٹر

وزیراعلیٰ نے کہا کہ عالمی معیار کے مطابق تعمیر کیے گئے اس آٹزم سینٹر میں ایک ہی چھت تلے آٹسٹک بچوں کے علاج، تعلیم اور تربیت کی تمام سہولتیں موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شاید پاکستان ہی نہیں بلکہ دنیا کے بہت سے ممالک میں بھی آٹسٹک بچوں کے لیے ایک ہی جگہ پر ایسی جامع سہولتیں دستیاب نہیں۔

انہوں نے پاکستان میں پہلا سرکاری آٹزم سینٹر قائم ہونے پر آٹسٹک بچوں اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کی۔


صوبائی معاون خصوصی ثانیہ عاشق کی خدمات کو خراج تحسین

مریم نواز شریف نے صوبائی معاون خصوصی ثانیہ عاشق کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آٹسٹک اسکول کے اس منصوبے کو جس جذبے، لگن اور ذاتی دلچسپی کے ساتھ لیڈ کیا وہ قابلِ تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ ثانیہ عاشق کو دیکھ کر آٹسٹک بچوں کے چہرے کھل اٹھتے ہیں کیونکہ انہوں نے ان بچوں کو اپنا سمجھ کر اپنایا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ثانیہ عاشق کو خاص خدمت کے لیے چن لیا ہے۔


سپیشل بچوں کے لیے ریکارڈ خدمات

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب بھر میں 20 ہزار سے زائد سپیشل بچوں کا علاج اور سرجری کر کے انہیں نارمل زندگی کی جانب واپس لایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آٹزم سینٹر میں دستیاب سہولتیں کسی معجزے سے کم نہیں اور اس کارِ خیر میں حصہ لینے والے تمام افراد اللہ کے اجر کے مستحق ہیں۔


سینئر وزرا اور افسران کو مبارکباد

مریم نواز شریف نے سینئر وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر صہیب بھرت، سیکرٹری سہیل اشرف، ثمن، رضا جعفر، فہد نوید اور دیگر متعلقہ افسران و ٹیم کو مبارکباد اور شاباش دی۔
انہوں نے کہا کہ انسانیت پر اعتماد بحال کرنے میں معاونت پر وہ سب کی شکر گزار ہیں۔


ذاتی تجربہ: آٹزم کا درد قریب سے دیکھا

وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے خطاب میں ذاتی تجربہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ان کی چھوٹی بہن اسماء کا سب سے بڑا بیٹا ابراہیم آٹسٹک ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ڈھائی سالہ ابراہیم کو معمول کے چیک اپ کے لیے ڈاکٹر کے پاس لے جایا گیا تو اچانک معلوم ہوا کہ وہ آٹزم کا شکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابراہیم اور اس کے والدین کو بہت قریب سے دیکھا ہے اور یہ بھی دیکھا کہ کس طرح اسماء اپنے نارمل بچوں کو بھی آٹسٹک بھائی کا خاص خیال رکھنے کی تربیت دے رہی ہیں۔


آٹسٹک بچوں اور والدین کے مسائل

مریم نواز شریف نے کہا کہ آٹسٹک بچوں کے والدین کو روزمرہ زندگی میں بے شمار نئے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہت سے آٹسٹک بچے مائلڈ سے ہائپر ہوتے ہیں اور غصہ ان کی طبیعت کا حصہ بن جاتا ہے۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے بعض آٹسٹک بچوں کو چارپائی سے باندھنے یا چار دیواری میں بند رکھنے جیسی روایات بھی موجود ہیں، جبکہ غریب والدین کے آٹسٹک بچے گلی محلوں میں بھٹکتے نظر آتے ہیں۔


ریاست والدین کا بوجھ بانٹ رہی ہے

وزیراعلیٰ نے کہا کہ آٹسٹک بچوں کے والدین کا حوصلہ اور صبر چٹان کی طرح مضبوط ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج اگر ریاست آٹسٹک بچوں کے والدین کا کچھ بوجھ بانٹ رہی ہے تو اس سے زیادہ خوش کوئی نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے واضح کیا کہ ان کا کام صرف سڑکیں، اسکول اور ہسپتال بنانا نہیں بلکہ لوگوں کے مسائل حل کرنا بھی ہے، اور محروم افراد سے بے خبر ریاست سے زیادہ نااہل کوئی نہیں ہو سکتی۔


نادار طبقے کے لیے امید کی کرن

مریم نواز شریف نے کہا کہ 90 فیصد نادار طبقے کے لوگ آٹسٹک بچے کا علاج خود نہیں کروا سکتے، اس لیے ریاست کی ذمہ داری ہے کہ امیر اور غریب میں فرق کیے بغیر سب کے حقوق برابر سمجھے۔

انہوں نے کہا کہ آٹسٹک بچوں کے مسائل کا ہمیں اس لیے ادراک نہیں ہو پاتا کیونکہ وہ نہ بول سکتے ہیں اور نہ ہی اپنے جذبات بیان کر سکتے ہیں۔


جدید تھراپیز اور سہولتیں

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ آٹزم سینٹر میں ساؤنڈ پروف سپیچ تھراپی، میوزک تھراپی، آرٹ تھراپی، آکوپیشنل تھراپی، ٹیکسچرڈ فرش اور اوپن ایئر جم جیسی جدید سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کچھ آٹسٹک بچے شور یا روشنی سے گھبرا کر خود کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں، اس لیے انہیں آہستہ آہستہ ان حالات سے مانوس کیا جائے گا۔


اظہار سکھانے کا عزم

مریم نواز شریف نے کہا کہ آٹزم سینٹر میں بچوں کو اعتماد کے ساتھ دنیا کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر جینا سکھایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ آٹسٹک بچے تصاویر، اشکال اور حرکات کے ذریعے اپنا اظہار کرتے ہیں اور یہاں انہیں اپنی بات کہنے کے مواقع ملیں گے۔


صوبہ بھر میں آٹزم سہولتوں کا دائرہ وسیع کرنے کا اعلان

وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ آٹسٹک بچوں کے علاج اور تھراپی کی سرگرمیوں کو ہر ضلع کی سطح تک لے جایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز اسکول اینڈ ریسورس سینٹر فار آٹزم میں سپیشل اساتذہ کی کپیسٹی بلڈنگ بھی کی جائے گی اور ہر سطح کے آٹزم کے مطابق نصاب تشکیل دیا گیا ہے۔


سپیشل بچوں کے لیے ٹرانسپورٹ سہولت

مریم نواز شریف نے بتایا کہ پنجاب بھر میں سپیشل بچوں کے لیے خصوصی نوعیت کی 70 بسیں فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ انہیں تعلیمی اور طبی سہولتوں تک باعزت رسائی مل سکے۔


نواز شریف کا پیغام

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ محمد نواز شریف بھی مریم نواز اسکول اینڈ ریسورس سینٹر فار آٹزم کے قیام پر خوش ہیں۔
انہوں نے نواز شریف کا پیغام سناتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں آٹزم کے علاج کے لیے اتنا بڑا ادارہ بننے پر وہ بے حد خوش ہیں اور انہوں نے آٹسٹک بچوں کے والدین کو مبارکباد اور حوصلہ دیا ہے کہ ریاست مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔


اختتامی پیغام

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ لوگوں کی مشکلات میں آسانی پیدا کرنا ان کے لیے خوشی کا باعث ہے اور آٹسٹک بچوں کے لیے یہ سفر رُکنا نہیں چاہیے بلکہ آگے بڑھنا چاہیے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button